انضمام پاکستانی ٹیم کی کوچنگ کیلیے بھی دستیاب

Inzamam

Inzamam

کراچی (جیوڈیسک) انضمام الحق نے پاکستانی ٹیم کی کوچنگ کیلیے بھی دستیابی ظاہر کر دی، حال ہی میں افغانستان سے ایک سالہ معاہدہ کرنے والے سابق کپتان کا کہنا ہے کہ اگر پی سی بی نے میرے تجربے سے فائدہ اٹھانا چاہا تو میں ہر وقت تیار ہوں۔

تفصیلات کے مطابق افغانستان نے انضمام الحق کی خدمات دورہ زمبابوے میں بطور ہیڈ کوچ حاصل کی تھیں، ٹیم نے وہاں پہلی بارکسی ٹیسٹ سائیڈ کے خلاف ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی سیریز میں کامیابی حاصل کی، گذشتہ دنوں انھوں نے افغانستان سے ایک سالہ معاہدہ کر لیا مگر ان کا دل اپنے ملک کیلیے ہی دھڑکتا ہے۔

انضمام الحق نے بی بی سی کو انٹرویو میں کہا کہ میں کوچنگ کے اس نئے تجربے سے لطف اٹھا رہا اور اسے مستقل بنیادوں پر جاری رکھنا چاہوں گا، مجھے کھیل میں جو بھی نام ملا وہ پاکستان سے کھیلنے کی وجہ سے ملا لہذا اگر بورڈ نے میرے تجربے سے فائدہ اٹھانا چاہا تو ہر وقت تیار ہوں۔

سابق پاکستانی کپتان نے کہا کہ میں نے حال ہی میں افغانستان کے ساتھ معاہدے پر دستخط کردیے ہیں، وہ 3 سالہ کنٹریکٹ میں دلچسپی رکھتے تھے لیکن میں نے فی الحال ایک سال پر حامی بھری تاکہ بحیثیت کوچ اپنی کارکردگی کو اچھی طرح جانچ سکوں، یہ میرے لیے نیا تجربہ ہے، اگر وہ میری کارکردگی سے مطمئن ہوئے تو اس معاہدے میں اضافہ بھی ہوسکتا ہے۔ انھوں نے کہا کہ چونکہ افغانستان کے بیشتر کھلاڑی اردو سمجھ لیتے ہیں لہذا مجھے بھی کوچنگ کرنے میں آسانی ہو رہی ہے، رابطے میں کوئی چیز رکاوٹ نہیں بنی۔

انضمام الحق جمعرات کو ایک دن کے لیے کابل جا رہے ہیں، جہاں مقامی ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ کا فائنل دیکھنے کے ساتھ بطور ہیڈ کوچ پریس کانفرنس بھی کریں گے، خانہ جنگی کے شکار ملک جاتے ہوئے وہ کسی قسم کے خوف میں مبتلا نہیں، انھوں نے کہا کہ میری فیملی کو اگرچہ اس بارے میں تشویش ہے لیکن میری سوچ واضح ہے، زندگی موت اللہ کے ہاتھ میں ہے۔