اقبال محمد علی خان اور نشاط ضیاء قادری کا یوسی بلدیاتی نمائندوں کے ہمراہ تفصیلی دورہ

Visit

Visit

کراچی : حق پرست اراکین اسمبلی اقبال محمد علی خان اور نشاط ضیاء قادری کا یونین کمیٹیز کے چیئر مین ،وائس چیئر مین اور کونسلرز کے ہمراہ شاہ فیصل کالونی کی امام بارگاہوں کا دورہ ،محرم الحرام کے حوالے سے امام بارگاہوں اور جلوسوں کے روٹس کا معائنہ کیا اس موقع پر امام بارگاہوں کے منتظمین اور عشرہ محرم الحرام کے دوران برآمد ہونے والے جلوسوں کے پرمٹ ہولڈرز اور بلدیہ کورنگی شاہ فیصل زون کے تمام محکموں کے افسران بھی موجود تھے اراکین اسمبلی اقبال محمد علی خان اور نشاط ضیاء قادری نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ کراچی کے بلدیاتی مسائل کو حل کرنا چیلنج سے کم نہیں ایم کیو ایم کے بلدیاتی نمائندے عوامی خدمت کے جذبے سے سرشار ہو کر عوامی خدمت کو اپنا شعار بنا کر چیلنجز سے نمٹنے کے لئے عملی جدو جہد میں مصروف ہیں اور انشا اللہ عوامی تعاون کے ذریعے ہر چیلنجز سے نبرد آزما ہوکر شہر کی تعمیر و ترقی اور عوام کو مسائل سے نجات دلائیں گے۔

اراکین اسمبلی اور بلدیاتی نمائندوں نے منتظمین کے ہمراہ حسینی مشن امام بارگاہ،زینب کلثوم امام بارگاہ ،کاظمین امام بارگاہ سادات کالونی سمیت مختلف امام بارگاہوںاور جلوسوں کے روٹس کا تفصیلی دورہ کرکے بلدیہ کورنگی کی جانب سے جاری انتظامات کا معائنہ کرتے ہوئے موقع پر موجود متعلقہ محکموں کے افسران سے کہاکہ جلوسوں کے روٹس اور امام بارگاہوں کے اطراف صفائی وستھرائی روشنی اور فراہمی و نکاسی آب کے نظام کی بہتری کے انتظامات منتظمین کی باہمی مشاورت کے ساتھ انجام دیا جائے ،منتظمین کی جانب سے اُٹھا ئے گئے مسائل پر موقع پر موجود بلدیاتی افسران کو ہدایت کی کہ امام بارگاہوں کے اطراف اور جلوسوں کے روٹس پر حفاظتی انتظامات کے پیش نظر تجاوزات اور رکاوٹوں کا فوری خاتمہ یقینی بنائی جائے۔

بعد ازاں اراکین اسمبلی نے بلدیہ کورنگی کی جانب سے جلوسوں کے روٹس پر سڑکوں کی کارپیٹنگ کے کام کا معائنہ کیا اور متعلقہ افسران سے کہاکہ ترقیاتی امور کو جلد از جلد مکمل کرکے عوام کو بروقت سہولتیں پہنچائی جائے ۔حق پرست اراکین اسمبلی اقبال محمد علی خان اور نشاط ضیاء قادری نے امام بارگاہوں کا دورہ کرکے منتظمین سے ملاقات کی اور اُن سے علاقائی سطح پر درپیش مسائل کے حل کے حوالے سے جاری انتظامات پر تبادلہ خیال کیا اس موقع پر اراکین اسمبلی نے تمام مکاتب فکر کے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ محرم الحرام کے دوران اتحاد و بھائی چارگی اور فرقہ ورانہ ہم آہنگی کو برقرار رکھیں قیام امن کے لئے قانون نافذ کرنے والے اداروں سے تعاون کریں تاکہ باہمی تعاون کے ذریعے شہر کو امن کا گہوارہ بنایا جا سکے۔