ایران کی فوجی پریڈ میں جنگی سازو سامان کی نمائش

Iran Military Prade

Iran Military Prade

ایران (جیوڈیسک) ایران نے فوج کے قومی دن کے موقع پر پریڈ کے دوران میزائل، ٹینک اور جنگی طیاروں کی نمائش کر کے اپنی عسکری طاقت کا بھرپور مظاہرہ کیا ہے۔

بدھ کو ایران عراق کے مابین جنگ کے 36 سال مکمل ہونے پر دارالحکومت تہران میں فوجی پریڈ ہوئی۔ اس پریڈ میں نمائش کے لیے پیش کیے گئے عسکری آلات حرب میں 16 بیلسٹک میزائل بھی شامل تھے۔

پریڈ میں کئی وار ہیڈ لے جانے کی صلاحیت رکھنے والا میزائل ذوالفقار بھی تھا۔ ’ذوالفقار‘ جس ٹرک پر رکھا گیا تھا اُس پر لکھا تھا کہ ’ایران کا دشمن اسرائیل‘

ٹرک پر درج تحریر کے مطابق ’ یہودیوں نے اگر ایک بھی غلط قدم اُٹھایا تو اسلامی جمہوریہ ایران تل ابیب اور حائفہ کو تباہ کر دے گا۔‘

تہران میں ہونے والی فوجی پریڈ میں ماسکو سے رواں سال ملنے والے ایس – 300 میزائل کو بھی دکھایا گیا جبکہ ملک کے مختلف شہروں میں بھی فوجی پریڈ ہوئیں۔ ایران کی افواج کے سربراہ جنرل محمد باگیری نے عسکری پریڈ شروع ہونے قبل خطاب کیا۔

انھوں نے اپنے خطاب کے دوران کہا کہ ’حال ہی میں امریکہ نے مجرم اور غاصب اسرائیلی حکومت کو امداد دینے کا فیصلہ کیا ہے جس کے بعد ایران نے اپنی دفاعی صلاحیتوں کو بڑھانے کے عزم کو مضبوط کر دیا ہے۔‘

یاد رہے کہ امریکہ اور اسرائیل نے ستمبر میں ایک معاہدہ کیا ہے جس کے تحت مشرق وسطیٰ میں امن کے لیے اسرائیل کو آئندہ دس برسوں میں 38 ارب ڈالر دیے جائیں گے۔

امریکہ نے مجرم اور غاصب اسرائیلی حکومت کو امداد دینے کا فیصلہ کیا ہے جس کے بعد ایران نے اپنی دفاعی صلاحیتوں کو بڑھانے کے عزم کو مضبوط کر دیا ہے: ایرانی افواج کے سربراہ

ایران کی فوج کے سربراہ نے کہا کہ ’امریکہ، یہودیوں اور دہشت گردوں کی حمایت کرنے والوں کا اصل ہدف یہ ہے کہ وہ اسرائیل کو فائدہ پہنچانے کے لیے شام اور عراق میں انفراسٹکیچر کو تباہ کر دیں۔‘

ایران اور شام میں حکومتی افواج کی مدد کے لیے ایرانی مشیر موجود ہیں جبکہ سعودی عرب سمیت دیگر خلیجی ممالک سے بھی ایران کے تعلقات اچھے نہیں ہیں۔