ایران کی تلواریں عرب ممالک سے انتقام لینے کیلئے ہمہ وقت تیار ہیں: ایرانی جنرل

General Mohammad Ali Jafari

General Mohammad Ali Jafari

دبئی (جیوڈیسک) ایرانی پاسداران انقلاب کے سربراہ جنرل محمدعلی جعفری نے اپنے ایک تازہ بیان میں تمام خلیجی ممالک بالخصوص سعودی عرب اور بحرین کو دھمکی دیتے ہوئے کہا کہ ایران کی تلواریں عرب ممالک سے انتقام لینے کیلئے ہمہ وقت تیار ہیں۔

سنگین نتائج کی دھمکیاں دی ہیں۔ ایرانی خبر رساں ایجنسی ”تسنیم“ کی رپورٹ کے مطابق جنرل محمد علی جعفری نے خلیجی ممالک کے خلاف دھمکی آمیز لہجہ پاسداران انقلاب کے اعلیٰ سطحی اجلاس کے موقع پر کیا۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے جنرل جعفری نے جوہری پروگرام پر طے پائے معاہدے ، معیشت میں سادگی اختیار کرنے اور ایران کے عالمی برادری اور علاقائی ممالک کے ساتھ تعلقات پربھی تفصیلی بات چیت کی۔ جنرل جعفری نے اپنی تقریر میں ایران کا میزائل پروگرام بدستور جاری رکھنے کی دھمکی دی اور کہا کہ ہمارے میزائل پروگرام سے امریکی خوف زدہ ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ ایران جنگ کا خواہاں نہیں مگر تہران پرجنگ مسلط کی گئی تو اس کا منہ توڑ جواب دینے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایران پر جنگ مسلط کرنے کی صورت میں ہم ایسے ہی لڑیں گے جیسے عراق کے ساتھ آٹھ سال تک لڑتے رہے ہیں۔ عراق کی طرح امریکیوں کو بھی جنگ کی صورت میں کچھ ہاتھ نہیں آئے گا۔

ایرانی پاسداران انقلاب کے چیف جنرل جعفری نے مزید کہا کہ ایران کو سعودی عرب اور اس کے پڑوسی ملک بحرین سے خطرہ ہے اور ایران کو اس نوعیت کے خطرات کے تدارک کاحق حاصل ہے۔ انہوں نے عرب ممالک پر اسرائیل کے ساتھ سازباز کا الزام عائد کیا اور کہا کہ ایران کی تلواریں عرب ممالک سے انتقام لینے کے لئے ہمہ وقت تیار رہیں۔

جنرل محمد علی جعفری نے شام میں صدر بشار الاسد، لبنانی شیعہ ملیشیا حزب اللہ اور یمن کے حوثی باغیوں کی بھی کھل کرحمایت کی اور ان کی ہرممکن مدد کا اعادہ کیا۔