عراق: فضائی حملوں میں داعش کے 100 سے زاید جنگجو ہلاک

Fighter Jets

Fighter Jets

موصل (جیوڈیسک) عراق کے شمالی شہر موصل اور نینویٰ کے علاقے میں عراقی فوج اور اتحادی ممالک کے جنگی طیاروں کے فضائی حملوں میں شدت پسند گروپ ’داعش‘ کو غیر معمولی جانی نقصان پہنچائے جانے کا دعویٰ کیا گیا ہے۔

عراقی فوج نے ایک بیان میں کہا ہے کہ گذشتہ روز صوبہ نینویٰ میں داعش کے کئی ٹھکانوں پر فضائی حملے کیے گئے جن میں 100 سے زاید داعشی جنگجوؤں کو ہلاک کیا گیا ہے۔

عراقی فوج کے ایک ذریعے کے حوالے سے بتایا ہے کہ عراقی فوج اور اتحادیوں نے پانچ مقامات پر داعش کے ٹھکانوں پر بمباری کی۔

اوبروی نینویٰ ہوٹل پر کی گئی بمباری کے نتیجے میں 68 جنگجو ہلاک ہوگئے جب کہ الغابات کے مقام پر دوسرے فضائی حملے میں 29 جنگجو ہلاک اور 25 زخمی ہوگئے ہیں۔

ایک فضائی حملہ داعش کے ’دیوان الجند‘ ہیڈ کواٹر پر کیا گیا جس کے نتیجے میں 10 ہلاک اور 15 جنگجو زخمی ہوئے ہیں۔ نینویٰ میں داعش کے ایک اسلحہ ڈپو پرحملے میں 10 جنگجو ہلاک اور بھاری مقدار میں گولہ بارود بھی تباہ کر دیا گیا ہے۔