عراق: داعش کے خود کش حملے میں 35 ہلاک

ISIS Suicide Attack

ISIS Suicide Attack

بغداد (جیوڈیسک) عراق میں عہدے داروں نے کہا ہے کہ بغداد میں ایک خود کش حملے میں 35 سے زیادہ افراد ہلاک اور 50 زخمی ہوگئے۔ کئی دوسرے ذرائع کا کہنا ہے کہ ہلاک ہونے والوں کی تعدا د اس سے کہیں زیادہ ہے۔

حکام نے بتایا کہ یہ حملے دارالحکومت بغداد کے شمالی ضلع الشاب میں ہوا۔ خبروں کے مطابق خودکش دھماکہ حضرت امام حسین کی کر بلا میں شہادت کی یاد منانے کے لیے منعقد کی گئی ایک مذہبی تقریب میں ہوا۔

ایک فوجی عہدے دار کرنل سعد مان نے عراقی میڈیا کو بتایا کہ خودکش بمبار نے اس کھلی مارکیٹ میں داخل ہوکر خود کو دھماکے سے اڑا لیا جہاں عاشورہ کے لیے لوگوں کی بڑی تعداد جمع تھی۔ عراقی میڈیا نے کہا ہے کہ داعش نے حملے کی ذمہ داری قبول کرنے کا دعوی کیا ہے۔

یہ حملہ ایک ایسے وقت میں ہوا ہے جب عراقی سیکیورٹی فورسز اسلامک اسٹیٹ کے عسکریت پسندوں سے ان کے زیر قبضہ شمالی شہر موصل کو واپس لینے کے لیے حملے کی منصوبہ بندی کر رہی ہیں۔