آئرلینڈ اور نیدرلینڈز کے ارمان بارش میں بہہ گئے

Ireland and Netherland

Ireland and Netherland

دھرم شالا (جیوڈیسک) آئرلینڈ اور نیدرلینڈز کے ارمان بارش میں بہہ گئے، دونوں ٹیمیں ورلڈ ٹی 20 کے اگلے راؤنڈ میں رسائی کی دوڑ سے باہر ہو گئیں، اتوار کو بنگلا دیش اور اومان کے میچ کی فاتح سائیڈ گروپ ’ اے ‘ سے سپر 10 میں پہنچ جائے گی، گذشتہ روز بنگلہ دیش کاآئرلینڈ سے کوالیفائربارش کی نذر ہوگیا۔

ٹائیگرز ایک پوائنٹ لے کر سپر 10 کی دوڑ میں شامل رہے، تاخیر سے شروع ہونے والے مقابلے کو 12 اوورز فی اننگز تک محدودکیاگیا، بنگلہ دیش نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 8 اوورز میں 2 وکٹ پر 94رنز بنالیے، بارش شروع ہونے پر میچ روکنا پڑگیا، اوپنر تمیم اقبال 26 گیندوں پر 47رنز بناکر پویلین واپس لوٹے، سومیہ سرکار نے 13 گیندوں پر 20رنز بٹورے، صابر رحمان13 پر ناٹ آؤٹ رہے،اینڈی میک برائن اور جورج ڈوکریل نے ایک ایک وکٹ لی۔

اس سے قبل نیدرلینڈز اور اومان کا مقابلہ بھی ابر رحمت کے سبب ممکن نہیں ہوسکا، اس کے نتیجے میں ڈچ ٹیم کا بھی بوریا بستر گول ہوگیا ،کپتان پیٹر بورین نے پریس کانفرنس میں کہا کہ ہمارے لیے یہ انتہائی مایوس کن صورتحال رہی، ہم نے کوالیفائی کرنے کیلیے بہت سا وقت اور توانائیاں صرف کی تھیں۔