داعش افغانستان میں فعال ہے، مصالحتی عمل میں کردار ادا کرنے پر تیار ہیں: روس

Russia

Russia

ماسکو (جیوڈیسک) روس نے کہا ہے کہ شدت پسند تنظیم داعش افغانستان میں فعال ہے اورتنظیم اپنے دائرہ کار کو وسطی ایشیائی ریاستوں تک توسیع دینے کی کوششیں کر رہی ہیں۔

روسی میڈیا کے مطابق یہ بات روسی وزارت خارجہ کی ترجمان ماریا زاخارووا نے میڈیا سے گفتگو میں کہی۔ انہوں نے کہاکہ شدت پسند تنظیم داعش افغانستان میں فعال ہے اور تنظیم اپنے دائرہ کار کو شمالی افغانستان اور وسطی ایشیائی ریاستوں تک توسیع دینے کی کوششیں کر رہی ہیں۔

طالبان سے متعلق ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ تنظیم کے جنگجو ملک کے کئی علاقوں میں لڑائی کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہیں تاہم جنوبی صوبہ ہلمند اورملحقہ علاقوں میں صورتحال زیادہ پیچیدہ ہوجائیگی جہاں کئی اضلاع پر پہلے سے ہی طالبان کا کنٹرول ہے۔

طالبان شمال میں بھی نفوذپذیر ہیں اوران کی کوشش ہے کہ کئی صوبائی مراکز پر قبضہ کیا جائے۔ ایک سوال پر انہوں نے کہاکہ روس افغانستان میں قیام امن میں سنجیدہ اورمصالحتی عمل میں اپنا کردار ادا کرنے کیلئے تیار ہے۔