داعش نہیں پاکستان سے دہشتگردوں کی آمد پر تشویش ہے، بھارتی وزیر داخلہ کی ہرزہ سرائی

Rajnath Singh

Rajnath Singh

ممبئی (جیوڈیسک) بھارتی وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ نے دعویٰ کیا ہے کہ بھارت نے پاکستان کے خلاف امریکا اور متحدہ عرب امارات کو اپنے ساتھ ملا لیا ہے اور وہ بھی اب پاکستان سے مطالبہ کر رہے ہیں کہ وہ بھارتی سرزمین پر دہشت گرد بھیجنا بند کر دے۔

اندرونی سلامتی اور ترقی کے موضوع پر ایک سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے بھارتی وزیر داخلہ نے کہا کہ ہمارے لیے داعش کوئی بڑا چیلنج نہیں ہم اس سے درپیش خطرے سے نمٹنا جانتے ہیں تاہم پاکستان سے دہشت گردوں کی آمد پر ہمیں تشویش ہے، چند سال قبل اجمل قصاب پکڑا گیا تھا اور اب مزید 2 دہشت گرد پکڑے گئے ہیں جو پاکستان سے آئے تھے۔

پاکستان ہمیشہ کہتا رہا ہے دہشت گردی کی جڑیں اس کے ہاں نہیں بلکہ کہیں اور ہیں لیکن اب یہ بات واضح ہو چکی ہے۔ انھوں نے الزام لگایا کہ پاکستان بھارت کے ساتھ خوشگوار تعلقات نہیں چاہتا اس لیے اس نے جنگ بندی کی خلاف ورزیاں جاری رکھی ہوئی ہیں۔ بھارت سفارتی طور پر امریکا اور یو اے ای کو اپنے ساتھ ملانے میں کامیاب ہو چکا ہے اور اب امریکا اور یو اے ای بھی پاکستان سے کہتے ہیں کہ وہ دہشت گردی کی سرگرمیاں روکے۔