داعش امریکہ کے کنٹرول و لگام سے باہر ہو چکے ہیں۔ سولنگی اتحاد

Karachi

Karachi

کراچی (اسٹاف رپورٹر) انڈونیشیا کے دارالحکومت جکارتا اور استنبول میں خودکش حملوں کی ذمہ داری داعش کیجانب سے قبول کرنے کے بعد امریکی صدر کی جانب سے داعش کو دیا جانے والا چیلنج اس بات کا عکاس ہے کہ اپنے مفاد کیلئے شام میں بشار الاسد کیخلاف داعش کو پالنے والا امریکہ داعش کی یورپ تک رسائی پر نہ صرف بلبلا اٹھا ہے بلکہ یہ اس بات کا اظہار بھی ہے کہ طالبان کی طرح اب داعش بھی اپنے پالن ہار امریکہ کے کنٹرول و لگام سے باہر ہو چکے ہیں۔

پاکستان سولنگی اتحاد کے بزرگ و سینئر رہنما امیر سولنگی نے امن عالم کو لاحق خطرات پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ اگر داعش دنیا کے ہر خطے میں اپنی جڑیں مضبوط کر رہی ہے جس کے شواہد پاکستان میں بھی موجود ہیں تو اس سے علاقائی اور عالمی امن کو لاحق ہونیوالے سنگین خطرات کی تمام عالمی قیادتوں کو فکر کرنی چاہئے۔

اگر کہیں اپنے مفادات کے تحت داعش کی سرپرستی کی جائے گی تو دنیا میں دہشت گردی کے خطرات کم ہونے کے بجائے بڑھتے جائینگے۔ اب اس امر کی ضرورت ہے کہ اقوام عالم یکسو ہو کر دہشت گردی کی ہر قسم کے خاتمہ کیلئے اقدامات اٹھائیں بصورت دیگر داعش اور دوسری دہشت گرد تنظیمیں عالمی تباہی کی بنیاد رکھتی نظر آ رہی ہیں۔