اسلام ہمیں بھائی چارے کا درس دیتا ہے، نادر چٹھہ

Jhang News

Jhang News

جھنگ (ڈسٹرکٹ رپورٹر) ڈسٹرکٹ کوآرڈی نیشن آفیسر نادر چٹھہ نے کہا ہے کہ اسلام ہمیں بھائی چارے کا درس دیتا ہے حضور اکرمۖ سے محبت کا یہی تقاضاہے کہ کسی کی دل آزاری نہ ہو۔ عید میلادالنبیۖکے موقع پر امن و امان کی فضا کو برقرار رکھنے کیلئے ضلع بھر میں سرکاری مشینری ہمہ وقت چوکس رہے گی جن کو کامیابی سے ہمکنار کرنے کیلئے تمام مکاتب فکر کے علمائے کرام ،مذہبی راہنمائوں ،شہریوں کا تعاون ناگزیر ہے ۔ ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر ہمایوں مسعود سندھو نے کہا ہے کہ اپنے ملک اور علاقہ کو دہشتگردی سے بچانا ہماری اولین ذمہ داری ہے۔

عید میلادالالنبی کا مبارک دن سب مسلمانوں کیلئے یکساں متبرک اور قابل احترام ہے لیکن شر پسند عناصر ایسے مقدس موقع پر مذموم کاروائیوں یا غلط افواہوں کے ذریعے ہمارے اتحا د میں رخنہ اندازی کی کوشش کر سکتے ہیں لہٰذا ان کے ناپاک ارادوں کو خاک میں ملانے کیلئے مثالی اتحاد اور تعاون کا مظاہرہ کیا جائے۔ یہ بات انہوںنے ضلعی امن کمیٹی کے خصوصی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ اجلاس میں ممبران صوبائی اسمبلی محترمہ راشدہ یعقوب شیخ ،خالد محمود سرگانہ ،اے ڈی سی بابررحمن، اسسٹنٹ کمشنرزعمران عصمت پنوں ،احسن رضا،شاہد جوئیہ، ریجنل صدرڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن علی رضا ترمذی اور ڈسٹرکٹ ایمر جنسی آفیسر ریسکیو 1122 ڈاکٹر طارق سعید کے علاوہ مختلف مکاتب فکر کے علمائے کرام ،عمائدین ،ضلعی انجمن تاجران کے عہدیداران، ممبران ضلعی امن کمیٹی،ٹی ایم اوز اور مختلف مقامی این جی اوز کے نمائندگان سمیت دیگر ضلعی افسران نے شرکت کی۔اجلاس میںڈی سی او نادرچٹھہ نے 12 ربیع الاول ، 25 دسمبر کرسمس ڈے اور 31 دسمبر 2015 کی رات (New Year)کے موقع پر حفاظتی اقدامات بارے خصوصی توجہ رکھنے کی ضرورت پر زور دیا۔

انہوںنے کہا کہ یہاں کسی قسم کی فرقہ واریت کا خطرہ محسوس نہیں ہو رہا اور لوگوں نے فرقہ واریت سے نکل کر اپنے صحیح مسائل پر توجہ دینا شروع کر دی ہے۔ ڈی سی اونادر چٹھہ نے علمائے کرام پر زوردیا کہ جلوسوں کے دوران متنازع نعرہ بازی ،لائوڈ سپیکر کے ناجائز استعمال اور غیر شرعی حرکات سے اجتناب کیا جائے ایسے غیر اخلاقی اور غیر شرعی افعال پر کڑی نظر رکھی جائے گی ۔انہوںنے اس موقع پر انتظامات کے حوالہ سے جلوسوں کے راستوں کی صفائی ستھرائی اورتجاوزات کے خاتمہ کیلئے احکامات جاری کئے۔

اجلاس میں ڈی پی او ہمایوں مسعود سندھونے کہاکہ ہمیں اس بات سے غافل نہیں ہونا چاہیے کہ دشمن ہمارے امن کو خراب کرنے کیلئے مختلف حربے استعمال کرنے پر لگا ہوا ہے لہٰذاہر شہری کو چاہیے کہ وہ اپنے گھروں اور اردگرد کے ماحول پر کڑی نظر رکھے۔انہوںنے عید میلاد البنی کے جلوسوں ،محافل اور دیگر تقریبات کے مقامات کی سیکورٹی کیلئے جامع انتظامات کے علاوہ دیگر حفاظتی ضروری انتظامات جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی۔اجلاس میں ممبران صوبائی اسمبلی محترمہ راشدہ یعقوب شیخ اورخالد محمود سرگانہ نے کہا کہ عیدمیلادالنبی کا دن ہم سب کیلئے مقدس ہے حضور اکرمۖ کی ولادت اور زندگی ہمارے لئے ایک بہترین نمونہ ہے شرعی اعتبار سے آپۖ کی تعلیمات پر عمل کرنا چاہیے صبر اور درگزر سے کام لینا چاہیے۔آخر میں ملک پاکستان کی سلامتی کیلئے دعا بھی کی گئی۔