اسلام دشمنی میں یمن کے باغی یہودیوں کی مانند ہیں: امام کعبہ

Imam Kaaba

Imam Kaaba

مسجد حرام (جیوڈیسک) مسجد حرام کے امام وخطیب امام کعبہ الشیخ ڈاکٹر خالد الغامدی نے یمن کے ایران نواز حوثی باغیوں کو مقدس مقامات پرحملوں کی بناء پر یہودیوں کے مشابہ قرار دیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ جس طرح فلسطین میں قابض یہودی مسجد اقصیٰ کی آئے روز بے حرمتی کرتے اور مقدس مقامات کی توڑُپھوڑ کرکے اسلام دشمنی کا مظاہرہ کرتے ہیں۔

اسی طرح یمن کے حوثی مکہ معظمہ پر میزائل حملے اور دہشت گردی کی کارروائیاں کرکے اسلام دشمنی کا ثبوت دے رہے ہیں۔ اسلام سے بغض، نفرت اور دشمنی میں حوثی باغی یہودیوں ہی کی مانند ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ جس طرح اللہ تعالیٰ نے یہودیوں کی چالوں اور ریشہ دوانیوں کو ناکام ونامراد کیا ہے، اسی طرح حوثیوں کو بھی ان کی سازشوں میں ناکام کرے گا۔

العربیہ ڈاٹ نیٹ کے مطابق امام کعبہ نے ان خیالات کا اظہار نماز جمعہ کے اجتماع سے خطاب میں کیا۔ انہوں نے خطبہ جمعہ میں عالم اسلام سے دہشت گردی کے خلاف اپنی صفوں میں اتحاد پیدا کرنے اور سرزمین حرمین کے خلاف سازشیں کرنے والوں کے خلاف مل کر لڑنے کی ضرورت پر زور دیا۔

خیال رہے کہ حال ہی میں یمن کے حوثی باغیوں نے مکہ معظمہ پر بیلسٹک میزائل حملے کی سازش کی تھی تاہم سعودی عرب کے میزائل ڈیفنس سسٹم نے حوثیوں کا میزائل حملہ ناکام بنا دیا تھا۔ مکہ پرمیزائل حملے کے بعد عالم اسلام کی طرف سے حوثیوں کی مذمت اور سعودی عرب کے ساتھ اظہار یکجہتی کیا جا رہا ہے۔