اسلام آباد ائیر پورٹ پر پی آئی اے کے طیارے کو حادثہ

PIA

PIA

اسلام آباد (جیوڈیسک) پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز کی پرواز پی کے 451 کو پیر کے روز اسلام آباد کے بین الاقوامی ہوائی اڈے پر اترنے کے بعد حادثے کا سامنا کرنا پڑا، تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

پی آئی اے کے ترجمان دانیال گیلانی کے مطابق ’طیارے کی اڑان کے کچھ دیر بعد ہی عملے کو طیارے کے ہائیڈرالکس کے نظام میں خرابی کا احساس ہوا جس کی وجہ سے طیارے کو اسلام آباد واپس اتارنے کا فیصلہ کیا گیا۔‘

پی آئی اے انتظامیہ عملداری اور اختیار نہ ہونے کے برابر
طیارے نے اترنے سے قبل تمام ایندھن ختم کیا اور کامیابی سے دوپہر ایک بج کر 35 منٹ پر لینڈنگ مکمل کی مگر اس کے بعد رن وے سے مڑ گیا۔

اس کے نتیجے میں طیارہ رن وے کے ساتھ گھاس میں جا کر رکا جس کے نتیجے میں اس کے ایک انجن کو نقصان پہنچا۔ ترجمان پی آئی اے کے مطابق ’اس طیارے کے تمام مسافر اس حادثے میں محفوظ رہے۔‘

یاد رہے کہ پیر کو اسلام آباد ہوائی اڈے کا رن وے پروازوں کے لیے کئی گھنٹے بند رہا جبکہ چار اگست کو بھی ایئر پورٹ چند گھنٹوں کے لیے بند کیا گیا تھا۔

اس حادثے کی وجہ سے اسلام آباد کے ہوائی اڈے پر پروازوں کی آمدورفت بری طرح متاثر ہوئی اور درجنوں پروازوں کو یا تو تاخیر کا سامنا کرنا پڑا یا منسوخ ہوئیں۔