اسلام آباد سمیت ملک کے مختلف شہروں میں زلزلے کے شدید جھٹکے، متعدد افراد زخمی

Earthquakes

Earthquakes

اسلام آباد (جیوڈیسک) اسلام آباد سمیت ملک کے مختلف شہروں میں زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے جب کہ مختلف علاقوں میں چھتیں گرنے سے 39 افراد کے زخمی ہوگئے۔

آزاد کشمیر، اسلام آباد، خیبرپختونخوا، پنجاب اور گلگت بلتستان کے مختلف شہروں میں زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے جس سے لوگوں میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا اور وہ کلمہ طیبہ کا ورد کرتے ہوئے شدید سردی میں گھروں سے باہر نکل آئے جب کہ مختلف علقوں میں چھتیں گرنے کے باعث 39 افراد زخمی ہوگئے۔

زلزلہ پیما مرکز کے مطابق ریکٹر اسکیل پر زلزلے کی شدت 6.9 ریکارڈ کی گئی اور اس کا دورانیہ 90 سیکنڈ تھا جب کہ زلزلے کا مرکز کوہ ہندوکش اور اس کی گہرائی 190 کلو میٹر تھی۔ زلزلے کے باعث پشاور کے اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کرکے ڈاکٹر اور پیرا میڈیکل اسٹاف کو طلب کرلیا گیا ہے۔

پنجاب میں لاہور، گوجرانوالہ، مرید کے، حافظ آباد، سیالکوٹ، قصور، ننکانہ صاحب، بھکر ، میانوالی، کالا شاہ کاکو، بورے والا، فیصل آباد، جھنگ، شور کوٹ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، چنیوٹ، بہاولپور، بہاولنگر، ملتان، ساہیوال، اوکاڑہ، چیچہ وطنی، وہاڑی جب کہ خیبرپختونخوا میں ایبٹ آباد، چار سدہ، چترال، دیر بالا، صوابی، شب قدر، شانگلہ، مری، سوات اور آزاد کشمیر کے مختلف علاقوں میں زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے۔ زلزلے کے باعث لاہور ایئرپورٹ پر فضائی آپریشن کو بھی عارضی طور پر معطل کردیا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق زلزلے کے 3 جھٹکے وقفے وقفے سے محسوس کیے گئے، پہلے جھٹکے کا دورانیہ 10 سے 15 سیکنڈ جب کہ دیگر 5 سے 10 سیکنڈ تک محسوس کیے گئے۔