اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات کا ترمیمی بل قومی اسمبلی سے منظور

National Assembly

National Assembly

اسلام آباد (جیوڈیسک) وفاقی دارالحکومت میں بلدیاتی انتخابات کا ترمیمی بل قومی اسمبلی میں منظور کر لیا گیا ہے جس کے مطابق بلدیاتی انتخابات جماعتی بنیادوں پر ہوں گے۔

ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی مرتضیٰ جاوید عباسی کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں وزیر مملکلت برائے داخلہ بلیغ الرحمان نے وفاقی دارالحکومت میں بلدیاتی انتخابات جماعتی بنیادوں پر کرانے کے لئے ترمیمی بل پیش کیا جسے ایوان میں ووٹنگ کے بعد منظور کرلیا۔

قبل ازیں وزیر داخلہ چوہدری نثار کا کہنا تھا کہ حکومت نے بلدیاتی انتخاب کے لئے سینیٹ کی تمام تجاویز کو قبول کرتے ہوئے اسلام آباد میں پہلی بار جماعتی بنیادوں پر بلدیاتی انتخابات کرانے کا فیصلہ قبول کیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات کے لئے تمام سیاسی جماعتیں متفق ہیں، ایسا نہیں ہو سکتا کہ ملک کے ایک حصے میں بلدیاتی انتخاب ہوں اور دوسرے حصہ اس سے محروم رہے، وفاقی دارالحکومت میں بلدیاتی انتخابات تمام لوگوں کی خواہش بھی ہے اور مطالبہ بھی اس لئے تمام اراکین بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے حکومت کے پیش کردہ بل کو منظور کریں تاکہ اسلام آباد میں جلد از جلد انتخابات کروائے جا سکیں۔

چوہدری نثار کا کہنا تھا کہ کہ جمہوری ادوار میں بلدیاتی انتخابات نہیں کروائے جاتے لیکن ایسی باتوں کا حقیقت سے کوئی تعلق نہیں، جس کو یہ کہنے کا بہت شوق ہے کہ بلدیاتی انتخابات صرف غیر جمہوری دور میں ہوتے ہیں تو وہ یہ سن لیں کہ مسلم لیگ (ن) نے اپنے دور میں 1987 میں بلدیاتی انتخابات کروائے۔

پھر 1991 اور 1998 میں بھی ہمارے دور میں بلدیاتی انتخابات ہوئے اور اب چوتھے دور میں بھی ہم بلدیاتی انتخابات کروا رہے ہیں۔ غیر جمہوری ادوار میں بلدیاتی انتخابات کا مقصد صرف یہ ہوتا ہے کہ لوگوں کی خواہش کو بلدیاتی انتخابات تک محدود کرکے عام انتخابات کو مفلوج کردیا جائے۔