اسلام آباد میں بارش، بھیگے موسم میں نکھرے نظارے

Islamabad Rain

Islamabad Rain

اسلام آباد (جیوڈیسک) وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں بارش کا سلسلہ گزشتہ رات سے شروع ہوچکاہے ۔اسلام آباد میں گزشتہ رات سے بادلوں نے ڈیرہ ڈالا ہوا ہے۔ رم جھم بارش برسی تو ہر طرف ہی جل تھل ایک ہو گیا۔

برستی بوندوں نے سبزے کو ایسے دھویا کہ ہر طرف ہرے رنگ کی بہار چھا گئی،پھول پتے پیڑ پودے سب نے ہی جیسے نیا پیراہن پہن لیا، فضائیں معطر ہوئیں اور ٹھنڈی ہواؤں نے موسم کو سہانا کر دیا۔

اسلام آباد کے بھیگے اور ٹھنڈے موسم کا لطف لینے سب ہی من چلوں نے تفریح گاہوں کی رونق بھی بڑھا دی۔ڈی جی میٹ غلام رسول کہتے ہیں کہ خیبر پختونخوا،پنجاب، کشمیر اور گلگت بلتستان میں مزید 3 دن بارش ہو گی۔

بالائی سندھ میں گھوٹکی، سکھر سمیت سندھ کے دیگر علاقوں میں بارش کا امکان ہے،آج سےاسلام آباد، بالائی پنجاب کے علاقے اور خیبر پختون خوا میں تیز بارشیں ہوں گی۔

برستی بوندوں کے ساتھ ٹھنڈی مست ہواؤں نے شہر بے مثال کے موسم کو سہانا اور نظاروں کو خواب ناک بنا دیا ہے۔