اسلامی ممالک کو ٹیکنالوجی اور جدید تعلیم کے میدان میں ترقی کرنا ہوگی: صہیب الدین کاکا خیل

Modern Educational

Modern Educational

لاہور: اسلامی جمعیت طلبہ پاکستان کے سیکرٹر ی جنرل صہیب الدین کاکا خیل نے کہا ہے کہ اسلامی ممالک کو سائنس و ٹیکنالوجی اور جدید تعلیم کے میدان میں ترقی کرنا ہوگی۔مسلم ممالک کے پاس سب سے مئوثر ہتھیار ان کے قدرتی وسائل جب کہ اہم اثاثہ اس کے ساٹھ فیصد نوجوان ہیں۔ نوجوانوں میں مثبت سرگرمیوں کے فروغ سے ہی مسلم ممالک دنیا میں قائدانہ کردار اداکرسکتے ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے انٹرنیشنل اسلامک فیڈریشن آف سٹوڈنٹس آرگنائزیشنز (IIFSO) کے سالانہ اجلاس میں پاکستانی نوجوانوں کی نمائندگی کرتے ہوئے کیا انہوں نے مزید کہا کہ مسلم طلبہ تنظیموں کو امت مسلمہ اور اپنے ممالک کی ترقی کے لئے کردار ادا کرنا ہوگا۔ انتہا پسندی اور دہشت گردی کے خاتمہ کے لئے مئوثر جدوجہد کرنا ہوگی، مغرب اور دیگر اقوام میڈیا کو مسلم ممالک کے خلاف مئوثر ہتھیار کے طور پر استعمال کر رہے ہیں، جو مسلمانوں کی اخلاقیات کو کردار کی تباہی کے علاوہ ان کے خلاف منفی پروپیگنڈے کو فروغ دے رہا ہے۔

مسلم ممالک جہاں دیگر میدانوں میں دیگر ممالک سے پیچھے ہیں وہیں میڈیا کے میدان میں بھی خاطر خواہ کردار ادا نہیں کر رہے۔ اسلامی جمعیت طلبہ پاکستان کے نوجوانوں اور طلبہ کی سب سے بڑی تنظیم ہے۔ ملک بھر کے تمام سرکاری اور نجی تعلیمی اداروں میں یہ تنظیم موجود ہے اور طلبہ کے اخلاق و کردارکی تعمیر کے لئے اپنا مئوثر کردار ادا کررہی ہے جبکہ تمام شعبہ ہائے زندگی کو محب وطن ، اسلام پسند اور دیانت دار افراد بھی فراہم کر رہی ہے۔

دریں اثنا جمعیت کے وفد کے اعزاز میں ترکی کے تعلیمی اداروں میں زیر تعلیم طلبہ کی جانب سے خصوصی عشائیے کا اہتمام بھی کیا گیا جس سے خطاب کرتے ہوئے صہیب الدین کاکا خیل نے طلبہ کو تعلیمی مکمل کرنے کے بعد پاکستان کی ترقی میں کردار ادا کرنے کے لئے آمادہ کیا۔ان کا کہناتھا کہ پاکستان ہماری پہچان ہے اور اس کی ترقی اورخوشحالی میں کردار ادا کرنا ہمارا اخلاقی اور دینی فریضہ ہے۔ اسلامی جمعیت طلبہ کا وفد دنیا بھر میں قائم مسلم طلبہ تنظیموں کے وفود سے خصوصی ملاقاتیں بھی کرے گا۔