جماعت اسلامی عوامی مسائل کے حل کیلئے مسلسل جدو جہد کر رہی ہے، حافظ نعیم الرحمن

Jamat e Islami

Jamat e Islami

کراچی 25 اکتوبر 2016 (پ ر) امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ کراچی کے عوام اچھی طرح جانتے ہیں کراچی کی حقیقی معنوں میں خدمت کس نے کی ہے، کس نے کراچی کو تعمیر و ترقی کی شاہراہ پر گامزن کیا اور وہ کون لوگ ہیں جنہوں نے کراچی کو تباہ و برباد کیا اور روشنوں کے شہر کو اندھیروں اور آگ و خون میں دھکیل دیا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جماعت اسلامی زون نیو کراچی کے تحت معاونین و معززین کے اعزاز میں منعقدہ استقبالیہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی عوام کی خدمت پر یقین رکھتی ہے اور عوامی مسائل کے حل کے لئے مسلسل جدو جہد کر رہی ہے۔ جماعت اسلامی کی قیادت عوام کے درمیان رہتی ہے اور عوامی مسائل اور مشکلات سے پوری طر ح آگاہ ہے۔

جماعت اسلامی نے ہمیشہ اور ہر دور میں عوام کی خدمت کی ہے سابق میئر عبدالستار افغانی اور نعمت اللہ خان کے ادوار میں شہر کراچی میں مثالی ترقی ہوئی اور آئندہ بھی جب مو قع ملے گا عوام کی مثالی خدمت کی جائے گی۔ کراچی کے عوام کے سامنے قوم پرستی پر مبنی بند گلی کی سیاست کر نے والوں کے چہرے بے نقاب ہو چکے ہیں، جماعت اسلامی کراچی کی عوام کے لئے بہترین متبادل قیادت کی صورت میں موجود ہے۔ جماعت اسلامی کی منتخب قیادت نے خدمت اور دیانت کے ساتھ کام کر تے ہوئے اپنی اہلیت ثابت کی ہے اور آج کراچی کے شہری جن مشکلات کا شکار ہیں جماعت اسلامی ہی ان کو ان مسائل اور مشکلات سے نجات دلا سکتی ہے۔

جماعت اسلامی کے کارکنان اور قیادت آج بھی عوام کے درمیان موجود ہے۔ عوام جماعت اسلامی کے دفاتر میں رابطہ کریں اور کراچی کو بند گلی سے نکالنے، دوبارہ روشنیوں کا شہر بنانے اور تعمیر و ترقی کی شاہراہ پر ڈالنے کے لئے جماعت اسلامی کا ساتھ دیں۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی زون نیو کراچی محمد احمد قاری نے کہا کہ جماعت اسلامی دعوت دین اور خدمت خلق کی جدوجہد میں مصروف ہے۔ الخدمت کی فلاحی اور رفاہی سرگرمیاں جماعت اسلامی کی عوامی خدمت کا ثبوت ہیں۔ عوام جماعت اسلامی کا ساتھ دیں۔ جماعت اسلامی کی اہل اور دیانت دار قیادت عوام کے مسائل حل کرنے کی پوری صلاحیت رکھتی ہے۔ تقریب سے مولانا عبدالوحید و دیگر نے بھی خطاب کیا جبکہ قیم زون نیو کراچی حسن صدیقی نے شرکا کو ملٹی میڈیا کے ذریعے الخدمت کے تمام شعبہ جات اور جاری پراجیکٹ کے حوالے سے بریفننگ دی۔