اسلامی جمہوریہ پاکستان ” کرپشن زدہ پاکستان“ بنا دیا گیا ہے۔ ایم آر پی

Yom e Pakistan -Quaid-Fateha

Yom e Pakistan -Quaid-Fateha

کراچی (اسٹاف رپورٹر) روشن پاکستان ہاوس میں منعقدہ سیاسی رہنماوں و کارکنوں اور سماجی و فلاحی شخصیات کے اعزا ز میں دی گئی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے محب وطن روشن پاکستان پارٹی کے قائد و چیئرمین امیرپٹی نے کہا کہ قیام پاکستان کی بنیاد بننے والے نظریہ پاکستان کا مقصدایک ایسی اسلامی ریاست کا قیام تھا جہاں اسلام کے اصول مساوات کی عملداری اور انصاف کی حکمرانی میں ہر شہری کو تعلیم ‘ تقریر ‘ تحریر ‘ صحت ‘ روزگار اور خوشحالی و ترقی کے یکساں و مساوی مواقع و حق حاصل ہو مگر قیام پاکستان کے ساتھ ہی اس ریاست کے اقتدارو اختیار پر قابض ہونے والی فرنگی آلہ کاروں نے قائدملت کو گولی اور قائد اعظم کو زہر سے ہلاک کرنے کے بعد عوام کو استحصال کی چکی میں پیستے ہوئے قومی وسائل پر قبضہ کی جس مہم کا آغاز کیا اسکی وجہ سے نہ صرف اداروں کی تباہی اور آئین کی پامالی عام ہوئی بلکہ عسکریت پسندی ‘ دہشتگردی اور بد امنی کے ناگ نے بھی ہمیں جکڑ لیا۔

سونے پر سہاگہ تعمیری و ترقیاتی اسکیموں سے آبدوز ‘ ہوائی جہازوں اور ہتھیاروں و عسکری سازوسامان تک پر کمیشن وصولی اور کرپشن نے اسلامی جمہوریہ پاکستان کو کرپشن زدہ پاکستان بنادیا ہے جہاں عوام کیلئے زندگی جیسی نعمت ہی مصیبت بن گئی ہے اور لوگ خود کشی پر مجبور ہورہے ہیں اور یہ ثابت ہوچکا ہے کہ جمہوریت کے نام پر قائم انگریزوں کے نمک خواروں کے استحصالی و مفاداتی نظام سے نجات میں ہی ملک و قوم کی بقا ہے اسلئے قوم کو جمہوریت کے نام پر حصول اقتدار کیلئے عوام کو دھوکا دینے والوں کو مسترد کرکے اشتراکی و فلاحی نظام کے قیام کیلئے ہمارے قافلے شامل ہوکر ہماری جدوجہد کو کامیاب بنانا ہوگا تاکہ پاکستان کو حقیقی معنوں میں اسلامی ‘ فلاحی اور عوامی ریاست بنانا ممکن ہو سکے۔