جماعت اسلامی شہر کا امن اور خوشحالی واپس لائے گی، ریحانہ افروز

 Rehana

Rehana

کراچی (پ ر) ورکنگ وومن کمیشن کی نائب صدر ریحانہ افروز نے کہا ہے کہ ووٹ امانت ہے اور امانت کا صحیح استعمال ہی خوشحال پاکستان کی ضمانت ہے۔ 5 دسمبر کو عوام جماعت اسلامی اور تحریک انصاف کے امیدواروں کو ووٹ ڈال کر انہیں کامیاب بنانے میں اپنا کردار ادا کریں گے۔ہم عوام کے وسائل کو ان کے مسائل حل کرنے کیلئے استعمال کریں گے۔ اقربا پروری اور کرپشن سے تباہ حال انفراسٹراکچر حقیقی اور پائیدار تبدیلی کا متلاشی ہے۔

جماعت اسلامی شہر کا امن اورخوشحالی واپس لائے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جماعت اسلامی حلقہ خواتین ضلع وسطی تیموریہ زون کے تحت ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر یوسی 4 سے امیدوار برائے چیئرمین نصرت انوار اور دیگر بھی موجود تھیں۔ ریحانہ افروز نے مزید کہا کہ پانی، ٹرانسپورٹ اور دیگر اہم شعبوں میں جماعت اسلامی کے پاس باصلاحیت، پیشہ وارانہ قابلیتوں کے حامل افراد شہر کا نقشہ بدلنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔

تبدیلی کے تین نشان اللہ رسول اور قرآن کا نعرہ جماعت اسلامی کی جدوجہد کا محور خاص ہے۔عوام بلدیاتی الیکشن میں بلا خوف و خطر اپنے گھروں سے نکلیں اور بغیر کسی دبائو کے جماعت اسلامی کے امیدوار کے حق میں ووٹ دیں، جماعت اسلامی ہی حالات کا مقابلہ کرسکتی ہے اور شہر کو دوبارہ روشنیوں کا شہر بنا سکتی ہے۔

شعبہ نشرو اشاعت
حلقہ خواتین، ضلع وسطی