کارنامہ حیات ایوارڈ کی پیشکشی پر الفلاح سوسائٹی کی تہنیتی تقریب’شعرا اور ادیبوں کا خطاب

Jameel Sab Tahniat News Alflah Society

Jameel Sab Tahniat News Alflah Society

نظام آباد : اردو کے ممتاز شاعر’ادیب’صحافی و اداراہ گونج کے سربراہ محترم جناب جمیل نظام آبادی کو اردو اکیڈیمی تلنگانہ اسٹیٹ کی جانب سے شاعری کے زمرہ میں کارنامہ حیات کی ایوارڈ کی پیشکشی ان کی چالیس سالہ شعری ‘ادبی و صحافتی خدمات کااعتراف ہے ۔ یہ ایوارڈ اہل اردو اور اہلیان نظام آباد کے لئے خوشی و مسرت کا موقع فراہم کرتا ہے۔ جمیل نظام آبادی کا شعری وادبی سفر ایک جہد مسلسل اور صبر واستقامت کی اعلیٰ مثال ہے ۔ انہوں نے نامساعد حالات میں ضلع نظام آباد سے اردو کی شمع کو جلائے رکھا اور اپنی شعری خدمات’گونج کے ذریعے صحافتی خدمات اور اردو مشاعروں کے انعقاداور دیگر تہذیبی و سماجی خدمات سے نظام آباد کا نام ساری دنیا میں روشن کیا۔

ان کی خدمات اردو کی نئی نسل کو بہت کچھ سیکھنے کا موقع ملتا ہے۔ان خیالات کا اظہار شہر نظام آباد کے مختلف شعرا’ادیبوں’اساتذہ اور دانشوروں نے جمیل نظام آبادی کے اعزاز میں الفلاح سوسائٹی نظام آباد کی جانب سے منعقدہ تہنیتی تقریب سے خطاب کے دوران کیا۔ تقریب کی صدارت جناب حلیم خان صاحب صدر الفلاح سوسائٹی نے کی۔ جب کہ مہمانوں میں مولانا کریم الدین کمال’ افضل الدین صدر عید گاہ سوسائٹی’محمد افضل تیجان ٹریڈرس’ ڈاکٹر محمد اسلم فاروقی’محمد عابد علی لیکچررز گری راج کالج’ رضی الدین اسلم لیکچرر فزکس’ ڈاکٹر سمیع امان اور دیگر شعرا ‘ ادیبوں اور اساتذہ نے شرکت کی۔ مولانا کریم الدین کمال نے جمیل نظام آبادی کی خدمات کا اعتراف کرتے ہوئے انہوں اردو ادب کا جمال قرار دیا۔ رضی الدین اسلم نے کہا کہ جمیل نظام آبادی کی ادبی و صحافتی خدمات کے سبب نظام آباد کی قومی اور عالمی سطح پر شناخت ہوئی ہے۔ ڈاکٹر محمد اسلم فاروقی نے کہا کہ جمیل نظام آبادی کی صحافتی خدمات کاچالیس سالہ سفر اردو صحافت میں سنگ میل ہے اور گونج کے ذریعہ انہوں نے مجلاتی صحافت کا دامن وسیع کیا۔

محمد عابد علی نے کہا کہ جمیل نظام آبادی نے صبر و استقامت کے ساتھ شمع اردو کو پروان چڑھایا اور اردو کے سچے خادم کو اردو اکیڈیمی نے کارنامہ حیات ایوارڈ دیا جس سے اردو ایوارڈ کا وقار بڑھا۔ جناب حلیم خان صاحب نے جمیل نظام آبادی کی دیرینہ خدمات کا اعتراف کیا اوران کے شعری اور ادبی کارناموں کا احاطہ کرتے ہوئے انہیں نظام آباد کی عظیم شخصیت قرار دیا۔ جمیل نظام آبادی نے ان کے اعتراف میں جلسہ تہنیت پر اظہار تشکر کیا اور کہا کہ اللہ کے فضل سے وہ کاروان اردو کو آگے بڑھانے میں لگے ہیں۔ اردو اکیڈیمی نے ان کی خدمات کا اعتراف کیا اس کے لئے وہ شکر گذار ہیں۔ ڈاکٹر سمیع امان نے جلسے کی کاروائی چلائی۔ جمیل نظام آبادی کی الفلاح سوسائٹی کی جانب سے گلپوشی و شال پوشی کی گئی اور انہیں مبارک باد پیش کی گئی۔