جھنگ سٹی ہسپتال میں جنریٹر ہونے کے باوجود مریض بجلی کی سہولت سے محروم

Jhnag Hospital

Jhnag Hospital

جھنگ (ڈسٹرکٹ رپورٹر) جھنگ سٹی ہسپتال میں جنریٹر ہونے کے باوجود مریض بجلی کی سہولت سے محروم ،وزیراعلیٰ پنجاب سے نوٹس لینے کا مطالبہ،تفصیلات کے مطابق جھنگ سٹی کا 40بیڈ پر مشتمل واحد سرکاری ہسپتال انتظامیہ کی عدم توجہی کے باعث مسائل کا شکار ہے۔

شدید گرمی میں بجلی نہ ہونے کی صورت میں جنریٹر کی سہولت ہونے کے باوجود مریض جنریٹر کی سہولت سے محروم ہیں۔ذرائع کے مطابق محکمہ صحت کی جانب سے جھنگ سٹی ہسپتال کوسات لاکھ روپے سالانہ جنریٹر فیول کی مد میں دیا جاتا ہے۔لیکن لاکھوں روپے مالیت کا جنریٹر صرف اس صورت میں چلایا جاتا ہے جب سنیئر میڈیکل آفیسر ڈیوٹی پر موجود ہوں۔

ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ مذکورہ افسر جنریٹر فیول کی مد میں دی جانے رقم کو مبینہ طور پر خرد برد کر جاتا ہے۔آفیسر مذکورہ کی مبینہ کرپشن اور خرد برد کا خمیازہ عوام کو بھگتنا پڑ رہا ہے۔

مریضوں اور ان کے لواحقین نے آفیسر مذکورہ کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے شدید گرمی اور غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کے باعث متعدد بار ہسپتال انتظامیہ سے درخواست کی کہ جنریٹر چلایا جائے کیونکہ بجلی نہ ہونے کے باعث مریض پریشان ہیں۔جس پر افسر مذکورہ نے لواحقین کے ساتھ مبینہ طور پر ہتک آمیز رویہ اختیار کیا۔

مریضوں اور ان کے لواحقین نے وزیر اعلیٰ پنجاب سے مطالبہ کیا ہے کہ افسر مذکورہ کے مبینہ ہتک آمیز رویہ کا نوٹس لیا جائے اور بجلی بند ہونے کی صورت میں مریضوں کو جنریٹر کی سہولت فراہم کی جائے۔