جھنگ کی خبریں 11/9/2015

Jhang

Jhang

جھنگ (ڈسٹرکٹ رپورٹر) پاکستان ایک زرعی ملک ہے جس کی معیشت کا زیادہ تر دارومدار زراعت اور زراعت سے وابستہ صنعتوں پر ہے۔ لہٰذا پاکستان کی ترقی زراعت کی ترقی میں پہناں ہے۔محکمہ زراعت روایتی فصلات کی فی ایکڑ پیدوار بڑھانے کے ساتھ ساتھ نئی فصلات، باغات اور سبزیات کی کاشت کو فروغ دینے میں کاشتکاروں کی بھرپور راہنمائی کر رہا ہے۔یہ بات ای ڈی او زراعت نے راشد حمید نے ایک بریفنگ کے دوران بتائی۔انہوںنے فصلات کی کاشت اور اہمیت کے حوالہ سے تفصیلات کے دوران بتایا کہ کماد ایک نقد آور فصل کی حیثیت سے ہماری زرعی معیشت میں کافی اہمیت کی حامل ہے پاکستان میں گنے کی اوسط پیداوار عالمی اوسط پیداوار سے کم ہے ۔اس موقع پر بتایا گیا کہ محکمہ زراعت توسیع،مرکز زراعت آفیسر توسیع جھنگ ایسٹ میں کاشتکاروں تک جدید زرعی پیداوار ٹیکنالوجی پہنچانے کیلئے گائوں کی سطح تک تقریباً پچاس تربیتی پروگرام کے انعقاد کرنے کے علاوہ آگہی کیلئے لٹریچر بھی تقسیم کئے گئے ہیں ۔انہوںنے کہا کہ پاکستان دنیا بھر میں کپاس پیدا کرنے والے ممالک میں سے چوتھے نمبر پر ہے اور پنجاب کو اس لحاظ سے خصوصی اہمیت حاصل ہے کیونکہ مجموعی پیداوار کا تقریباًاسی فیصد پنجاب میں پیدا ہوتا ہے کپاس کی بہتر پیداوار حاصل کرنے کیلئے کپاس کی پیدا واری ٹیکنالوجی پر عمل کرنا ضروری ہے۔کاشتکاروں میں جدید پیداواری ٹیکنالوجی کی آگہی کیلئے گائوں کی سطح پر 239تربیتی پروگرا م کا انعقاد کیا گیا جبکہ یونین کونسل 440میں حکومت پنجاب کے منصوبے اصلاح غزائیت وکم پیداوار2015کے تحت ایک نمائش پلاٹ برائے کپاس لگایا گیا ہے جس میں کاشتکاروں کو تقریباً25ہزار 6سوروپے کی مالیت کی کھادیں فراہم کی گئی ہیں۔انہوںنے کہا کہ امسال بارشوں کی وجہ سے فصل پر سفید مکھی ،سبز تیلہ ،کالا تیلہ ،ترپس،جوئیں اور لشکری سنڈی کا حملہ شدید تھا ۔ ڈائریکٹر جنرل زراعت (توسیع ) ڈاکٹر انجم علی کی ہدایت پر ڈسٹرکٹ آفیسر زراعت یوسف حسن تتلہ اور ڈی ڈی او زراعت جاوید اقبال شیروانی کی نگرانی میں ماس پیسٹ سکائوٹنگ کی مہم چلائی گئی جس کے تحت ہر زراعت آفیسر اور فیلڈ اسسٹنٹ نے روزانہ کی بنیاد پر ہر گائوں میں کم از کم دس سپاٹ چیک کئے اور کاشتکاروں کو موقع پر سفارشات دی گئی۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔
جھنگ:11ستمبر2015 ( ڈسٹرکٹ رپورٹر )ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر ریسکیو1122ڈاکٹر طارق سعید کی زیر نگرانی مختلف سرکاری تعلیمی اداروں میں بیسک لائف سپورٹس کی ٹریننگ دی جا رہی ہے جن کامقصد کسی بھی ناگہانی صورت حال میںریسکیو1122 کی معاونت کریں گی اور اس کے ساتھ سا تھ جو مزیدآگے کمیونٹی کو بھی آگہی دیں گی۔ انہوں نے کہا کہ 157اساتذہ کو کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے تربیتی ٹرینینگ دی جاچکی ہے جن میں127میل اور27فی میل ٹیچرز شامل ہیںاور ان تر بیتی عملہ کی ( CERT)کمیونٹی ایمرجنسی رسپانس ٹیمز تشکیل دی جائیںگی۔ڈاکٹر طارق سعید نے بتایا کہ تعلیمی اداروں میں ایمرجنسی ،فرسٹ ایڈ،آگ بجھانے ،زخمی کو شفٹ کرنے ،سیلابی صورتحال کے دوران فوری طبی سہولیات فراہم کرنے ، خود کو محفوظ بنانے ،پولیس اور ایمر جنسی اداروں کو کال کرنے اور دیگر حفاظتی تدابیر کی تربیت کا کام مختلف تعلیمی اداروں میں مکمل کیا جا رہا ہے اور اس ضمن میں ڈیٹا بھی مرتب کیا گیا ہے۔مزید برآں انہوںنے کہا کہ یہ خصوصی تربیتی مہم اپنے حدف کی تکمیل تک جاری رکھی جائیگی۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔

جھنگ( ڈسٹرکٹ رپورٹر)پاکستانی ادارے وعوام جاگ رہے ہیں۔بھارت کا پاکستان پر حاوی ہونے کا خواب کبھی پورا نہیں ہوگا۔کشمیریوں کا اتحاد مثبت پیغام ہے۔بھارت کی طرف سے حالیہ سرحدی کشیدگی مودی کی متعصب ہندو ذہنیت کا نتیجہ ہے۔جارحیت پسند نہیں،مگر مسلط کردہ جنگ کا جواب دینا خوب جانتے ہیں۔دھرنے کی باتیں پاکستان کو اندرونی طور پر غیر مستحکم کرنے کی سازش ہیں۔ان خیالات کا اظہار نائب چیئرمین سینٹ و جمعیت علماء اسلام کے راہنماء مولانا عبدالغفور حیدری نے سینٹ آفس میں ‘اسلامک رائٹر فورم پاکستان’سے خصوصی گفتگو میں کیا۔گزشتہ روز آئی ڈبلیو ایف پی کے کالم نگاروں کا وفد جسمیں،مرکزی کنوینئراسلامک رائٹر فورم پاکستان سید معراج الدین مخلصیار آف کوئٹہ،محمد جاوید قاسمی،حافظ خرم شہزاد،محمد وقاص،فداء الرحمان عادل آف پنجاب،عبدالبصیر سومرو آف سندھ شامل تھے نے پارلیمنٹ ہاوس اسلام آبادکے سینٹ آفس میں مولانا عبدالغفور حیدری سے ملاقات کی۔مولانا نے وفد سے گفتگو میں کہا کہ اسوقت ملک کی جغرافیائی سرحدیں شدید خطرات سے دوچار ہیں۔بھارت پاکستان سمیت خطے میں اپنی چوہدراہٹ قائم کرنے کے خواب دیکھ رہا ہے۔اسے معلوم ہونا چاہیے کہ پاکستان جاگ رہا ہے،ہماری افواج کسی بھی مسلط کردہ جارحیت کا جواب دینا خوب جانتی ہیں۔انہوں نے کہا کہ مودی سرکار اپنے مخصوص متعصب ہندووانہ خول سے باہر آئے اور حقیقت کی دنیا میں جھانک کر دیکھے۔یہ پاکستان 65یا71کا پاکستان نہیں۔اسوقت ہم ایٹمی ملک ہیں۔اور ہماری حکومتوں کی چھوٹی سی لغزش کا خمیازہ ہماری عوام بھگتے گی۔انہوں نے کہا کہ کشمیریوں کا اتحاد ہمارے لئے مثبت پیغام ہے ۔ہم کشمیریوں کی اخلاقی و سفارتی مدد جاری رکھیں گے۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ کشمیر کا تصفیہ کئے بغیر بھارت کی طرف سے سلامتی کونسل کی مستقل رکنیت کی باتیں کرنا احمقانہ ہیں۔انہوں نے کہا کہ ملک میں جمہوری ادارے مضبوط ہیں اور پاکستان ترقی کی راہ پہ چل رہا ہے۔ایک بار پھرپاکستان کو اندرونی طور پر غیر مستحکم کرنے کے لئے دھرنے کی باتیں کی جارہی ہیں جو کہ غیر مناسب ہیں۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔

جھنگ(ڈسٹرکٹ رپورٹر )نائب چیئرمین سینٹ و جمعیت علماء اسلام کے راہنماء مولانا عبدالغفور حیدری فریضہ حج کی ادائیگی کے لیے آج سعودی عرب روانہ ہوں گے ۔ اس دوران وہ ملک کی سلامتی اور اُمت مسلمہ کی سر بلندی کے لیے خصوصی دعائیں کریں گے۔ یہ بات مولانا عبدالغفور حیدری نے نمائندہ اسلام سے ایک ملاقات کے دوران کہی۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔

جھنگ ( ڈسٹرکٹ رپورٹر ) جھنگ یونین آف جرنلسٹس ایند پریس کلب جھنگ کے عہدیداروں کاایک ہنگامی اجلاس گزشتہ روز پریس کلب میںمنعقد ہوا جس کی صدارت چیئرمین پریس کلب لیاقت علی انجم اور صدر یونین آف جرنلسٹس ڈاکٹر منظور احمد عابد نے کی ۔ اجلاس میں کراچی میں دو مختلف واقعات میں سینئر صحافی آفتاب عالم اور نجی ٹی وی چینل کے سیٹلائٹ انجینئر ارشد علی جعفری کے بہیمانہ قتل کی شدید الفاظ میں مذمت کی گئی ۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے لیاقت علی انجم نے کہا کہ چوبیس گھنٹوں میں صحافی برادری پر حملوں کے دو بڑے واقعات میں صحافت سے وابستہ دو سینئر افراد کا قتل کراچی میں امن کے دعوے کرنے والوں کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے ۔ ڈاکٹر منظور احمد عابد نے کہا کہ پاکستان میں صحافی اپنی جان ہتھیلی پر رکھ کر حقائق کو سامنے لانے کا فریضہ سر انجام دے رہے ہیں ۔ اجلاس میں حکومت سے مطالبہ کیا گیا کہ حکومت صحافیوں کے تحفظ کو یقینی بنائے اور دونوں واقعات میں ملوث ملزمان کو گرفتار کر کے منظر عام پر لایا جائے۔ اس موقع پر جاں بحق ہونے والے صحافیوں کے لئے دعائے مغفرت اور زخمی ڈرائیور محمد انیس کی صحت یابی کے لئے خصوصی دعا بھی کی گئی۔