جھنگ کی خبریں 5/4/2016

Jhang

Jhang

جھنگ (ڈسٹرکٹ رپورٹر) حکومت پنجاب کی ہدایت پر رواں سال گندم خریداری مہم 2016-17 کے دوران خریداری مہم کی نگرانی اور کاشتکاروں کے مسائل اور شکایات کے ازالہ کیلئے ضلع اور تحصیل سطح پر ایڈوائزری کمیٹیوں کے نوٹیفیکیشن جاری کر دیئے گئے ہیں۔ضلعی سطح پر گندم خریداری مہم کی مانیٹرنگ کیلئے بنائی گئی کمیٹی کے سربراہ ڈسٹرکٹ کوآرڈی نیشن آفیسر نادر چٹھہ جبکہ ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر، ایگزیکٹیو ڈسٹرکٹ آفیسر زراعت،ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولراور ایک نمائندہ کاشتکاران بطور ممبر کام کریں گے۔اسی طرح تحصیل جھنگ، شورکوٹ، احمد پور سیال اورتحصیل اٹھارہ ہزاری کی گندم خرید اری مہم کی مانیٹرنگ کمیٹی کا سربراہ متعلقہ تحصیل کا اسسٹنٹ کمشنرجبکہ متعلقہ تحصیل کا ڈی ایس پی ،ڈپٹی ڈی او زراعت، گندم خریداری مرکز کا انچارج اور کاشتکاروں کا ایک نمائندہ بطور ممبر کمیٹی کام کریں گے۔حکومت پنجاب کی ہدایت کی روشنی میں ڈی سی او نادر چٹھہ نے ضلع اور تحصیل کی سطح ُپر بنائی گئی کمیٹیوں کے نوٹیفیکیشن جاری کرکے تمام متعلقہ محکموں اور افسران کو آگاہ کر دیا ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

جھنگ (تحصیل رپورٹر) حکومت پنجاب کی” پڑھو پنجاب بڑھو پنجاب” پالیسی کے تحت ضلع بھر میں سرکاری سکولوں میں داخلہ مہم کا آغاز کر دیا گیاہے اس ضمن میں محکمہ تعلیم جھنگ کے زیر اہتمام مہم کا افتتاح کے حوالہ سے جناح ہال ضلع کونسل میں ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا جس کے مہمان خصوصی ڈسٹرکٹ کوآرڈی نیشن آفیسر نادر چٹھہ جبکہ ممبران اسمبلی نے بطور مہمانان اعزاز خصوصی طورپر شرکت کی۔اس موقع پر ایگزیکٹیوڈسٹرکٹ آفیسر نسیم احمد زاہد نے سرکاری سکولوں میں رواں سال داخلہ مہم کے حوالہ سے کئے گئے خصوصی اقدامات پر روشنی ڈالی اور اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ رواں سال بھی داخلہ مہم کا ٹارگٹ پورا کرنے کی ہر ممکن کوشش کی جائیگی۔انہوںنے مزید کہاکہ جھنگ میں دو لاکھ19ہزاربچوںکو سکول میں داخل کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے ۔اس موقع پر ڈی سی او نادر چٹھہ نے کہا کہ محکمہ تعلیم کے افسران اور عملہ داخلہ مہم کو ایمرجنسی کے طور پر کامیاب بنائیں اور اس ضمن میں سستی ، لاپرواہی اور ناقص کارکردگی ہر گز برداشت نہیں کی جائیگی اور ذمہ داروں کے خلاف سخت تادیبی کاروائی عمل میں لائی جائیگی۔بعد ازاں ڈی سی اونادر چٹھہ اور ممبران صوبائی اسمبلی نے بچوں کے داخلہ فارموں پر دستخط کئے اور بچوں میں مفت کتابیں ،کاپیاں ، سکول بیگ اور سٹیشنری وغیرہ کا سامان بھی تقسیم کیا۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

جھنگ۔ (تحصیل رپورٹر) حکومت کی ہدایات کی روشنی میں 10 اپریل 2016ء کو ”ٹیکس ڈے” منایا جائیگا اس حوالہ سے ایک خصوصی تقریب گورنمنٹ سیکنڈری سکول برائے خصوصی تعلیم /بحالی و تعلیم سماعت سے محروم طلباء و طالبات سٹیلائیٹ ٹائون جھنگ میں منعقد کی جائیگی۔ایگزیکٹیو ڈسٹرکٹ آفیسر کمیونٹی ڈویلپمنٹ کے مطابق اس تقریب میں محکمہ سوشل ویلفیئر، لیبر،کمیونٹی ڈویلپمنٹ،مالیاتی ادارے،محکمہ ٹیکس کے تعاون سے منعقد کیا جائیگا۔انہوںنے بتایا ہے کہ تقریب کے دوران محکمہ ٹیکس ومالیاتی داروں کے افسران ،کاروباری و صنعتی شخصیات، صحافی ،وکلائ،دانشور اور دیگر مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی شخصیات ٹیکس ڈے کے حوالہ سے اپنے خیالات کا اظہار کریں گے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

جھنگ (ڈسٹرکٹ رپورٹر) جھنگ جیل اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کارکردگی کا جائزہ لینے کے لئے ڈسٹرکٹ جیل جھنگ میں اینٹی ٹیرارسٹ موک ایکسرسائز کا اہتمام کیا گیا ۔جس میں جیل ملازمین کو اسسٹنٹ سپرنٹنڈنٹ کی سربراہی میں مختلف ٹیمو ں میں تشکیل دیا گیا۔ جیل سپرنٹنڈنٹ شیخ محمد افضل جاوید دلاوراور ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ ایگزیکٹیو حق نواز اور ڈی ایس پی سٹی طاہر کچھی نے اس کاروائی کی سربراہی کی۔اس موقع پر پنجاب پولیس، ریسکیو1122، فائر بریگیڈ، بم ڈسپوزل اورDHQہسپتال کی ٹیموں نے حصہ لیا۔اس موقع پر فرضی دہشت گردوںکی جیل پر حملے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو1122کے عملہ نے اپنا رسپانس ٹائم برقرار رکھتے ہوئے موقع پر پہنچ کر بڑی مہارت سے فوری طبی امداد کے بعدزخمیوں کو ہسپتال شفٹ کیا۔جیل ملازمین اور پولیس اہلکاروںنے بھی فوری رسپونس دیتے ہوئے دہشت گردوں کوگرفتار کر لیا۔ جیل سپرنٹنڈنٹ شیخ محمد افضل جاوید دلاونے کہا کہ اینٹی ٹیرارسٹ مووک ایکسر سائز کا مقصد اداروں کی صلاحیت کو جانچنا اور اداروں کی آپس میں ایسے موقع پر رابطہ کارکو جانچنا تھا تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے آسانی سے نپٹا جاسکے ۔ آخر میں اداروں کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کیا گیا ۔ اور متعلقہ تمام اداروں نے بروقت پہنچ کر موک ایکسر سائزکو کامیاب بنایا۔ اور یہ ثابت کیا کہ تمام ادارے غیر یقینی صورت حال سے نمٹنے کے لیے ہمہ وقت تیار ہیں۔