این اے 63 جہلم اور پی پی 232 کے ضمنی انتخابات میں ن لیگ نے میدان مار لیا

Elections

Elections

بورے والا (جیوڈیسک) بورے والا کے حلقہ پی پی 232 سے پاکستان مسلم لیگ کے امیدوار یوسف کسیلیہ نے میدان مار لیا ہے۔ غیر سرکاری اور غیر حتمی نتائج کے مطابق ن لیگی امیدوار یوسف کسیلیہ نے اپنے مدمقابل پی ٹی آئی کی امیدوار عائشہ نذیر جٹ کو 1056 ووٹوں سے شکست دی۔

یوسف کسیلیہ 51323 لے کر ضمنی الیکشن میں کامیاب ہو چکے ہیں جبکہ عائشہ نذیر جٹ نے 50267 ووٹ حاصل کئے۔ این اے 63 کے ضمنی انتخاب میں بھی ن لیگ نے کامیابی حاصل کی۔

مسلم لیگ ن کے امیدوار مطلوب مہدی نے 82896 ووٹ حاصل کئے جبکہ پی ٹی آئی کے امیدوار فواد چوہدری کو 8077 ووٹوں سے شکست ہوئی۔

پی ٹی آئی کے فواد چوہدری 74819 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر اور پی پی کے امیدوار نے 4907 ووٹ حاصل کیے۔ فتح کا اعلان ہوتے ہی متوالے جشن منانے نکل پڑے کوئی بھنگڑے ڈالتا رہا کوئی نعرے مارتا رہا۔ مسلم لیگ ن کی قیادت بھی اپنے امیدواروں کی فتح پر نازاں دکھائی دی۔

مریم نواز نے فوری ٹویٹ کیا اور فتح کو عوام کے اعتماد کا ثبوت بھی قرار دیا۔ مریم نواز کا کہنا تھا دو ہزارہ تیرہ کے الیکشن میں پی پی 232 سے آزاد امیدوار سے ہارے تھے اب ایک پارٹی کو ہرایا ہے۔

دوسری جانب بورے والا کے حلقہ پی پی 232 میں شکست سے دوچار ہونے والی تحریک انصاف کی امیدوار عائشہ نذیر جٹ نے دھاندلی کا الزام لگا دیا ہے۔ کہتی ہیں وہ جیت رہی تھیں ڈی آر او آفس نے ان کی فتح کو شکست میں تبدیل کیا۔