جہلم کے سپوت کونسلر عابد چوہان کا اعزاز، برطانیہ کی پارلیمنٹ کے لیے شارٹ لسٹڈ امیدواروں میں شامل

Abid Chohan

Abid Chohan

مانچسٹر (نوید چوھان) پاکستان سے برطانیہ آنے والے اکثر افراد کا تعلق ضلع جہلم سے ہے اور برطانیہ میں مقیم یہ افراد اپنی شبانہ روز کاوشوں سے نہ صرف ملک پاکستان بلکہ ضلع جہلم کا نام بھی روشن کر رہے ہیں۔ جہلم کی ایک اور سپوت نے اب اپنے ضلع اور علاقے کا نام روشن کر دیا ہے۔

کونسلر عابد چوہان کے نام سے کون واقف نہیں ہے سیاست کے میدان میں گزشتہ چودہ برسوں سے عابد چوہان لیبر پارٹی کے ٹکٹ پر مانچسٹر سٹی کونسل کے کونسلر منتخب ہوتے چلے آ رہے ہیں اور انشاللہ بہت جلد وہ لارڈ مئیر کی خدمات بھی انجام دیتے لیکن اب انھیں ایک اور ذمہ داری سونپنے کی تیاریاں کی جا رہی ہے۔

وزیر اعظم تھریسا مئی کے انتخابات کے اعلان کے بعد مانچسٹر کے نواحی حلقہ چیڈیل سے لیبر پارٹی کو ایک مخلص، دیانتدار اور کمیونٹی کا درد رکھنے والے امیدوار کی ضرورت پیش آئی تو پارٹی کے اندرونی امیدواروں کی حیثیت سے عابد چوہان کا نام بھی شارٹ لسٹ کر لیا گیا ہے اور قرین قیاس یہی ہے کہ عابد چوہان کو ہی اس حلقہ سے لیبر پارٹی کے امیدوار کے حیثیت سے ٹکٹ دیا جائے گا جو کہ بلاشبہ ضلع جہلم کے لیے ایک اعزاز کی بات ہے۔

ضلع جہلم کی سماجی اور سیاسی شخصیات نے اس خبر کا خیر مقدم کرتے ہوئے عابد چوہان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے اور برطانیہ میں مقیم اوورسیز پاکستانیوں نے ان انتخابات میں پاکستانی امیدواران کی بھرپور سپورٹ کا مطالبہ کیا ہے۔

عابد چوہان نے اردو پوسٹ سے خصوصی گفتگو میں کہا کہ اگر مجھے اس حلقہ سے امیدوار کی حیثیت سے منتخب کیا جاتا ہے تو یہ میرے لیے میرے علاقے کے لیے بہت اعزاز کی بات ہے اور میں انشاللہ کمیونٹی کے مسائل کو حل کرنے میں اپنا بھرپور کردار ادا کروں گا۔