صحافت معاشرے کی تیسری آنکھ اور جمہوریت کا چوتھا ستون ہے۔ ثاقب چوہدری

Lalyani Press Club Meeting

Lalyani Press Club Meeting

مصطفی آباد/للیانی (نامہ نگار) صحافت معاشرے کی تیسری آنکھ اور جمہوریت کا چوتھا ستون ہے۔ کسی بھی جمہوری حکومت میں تمام اہم اداروں کی بقاء اور سلامتی کے لیے صحافت کا وجود ناگزیر ہے۔ صحافت ایک سماجی خدمت ہے۔ سماج کی اچھائیاں اور برائیاں صحافت کے ذریعے ہی سامنے آتی ہیں۔

عوام میں سماجی اور سیاسی شعور بیدار کرنا، صحت مند ذہن اور نیک رجحانات کو پروان چڑھانا، صالح معاشرے کی تشکیل کرنا، حریت اور آزادی کے جذبے کو فروغ دینا، جذبہ ہمدردی، رواداری، الفت و محبت کو فروغ دینا اور عوامی مشکلات و مسائل کی آئینہ داری کرنا ارباب صحافت کا بنیادی فریضہ ہے۔

عوام کے مسائل اور جذبات کو اجاگر کرنا اور ان کی جانب ارباب حکومت کی توجہ مبذول کروانا بھی آزاد صحافت کا طرہ امتیاز ہے، ان خیالات کا اظہارسنیئر صحافی ثاقب چوہدری و آصف چوہدری نے پریس کلب مصطفی آباد میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا، انہوں نے مزید کہا کہ صحافت محض ایک پیشہ یا ایک ذریعہ معاش نہیں، بلکہ ارباب صحافت پربہت سی قومی و مذہبی ذمہ داریاں عائد ہوتی ہیں۔

اسلامی معاشرے میں خیر اور بھلائی کو فروغ دینا اور شر اور برائی کا سدباب کرنا پریس کی ذمہ داری ہے، صحافت ایک ایسا پیشہ ہے جس میں سب سے اہم ذمہ داری غلطی سے پاک اور ایمان داری سے خبر دینا ہوتا ہے۔ صحافتی ذمہ داریوں کے دوران کئی ایسے موقع بھی آتے ہیں، جہاں سچ لکھنا یا بولنا خطرے سے خالی نہیں ہوتا اور صحیح صحافی وہی ہے جو ہر حال میں حق اور سچ کا ساتھ دے۔

ایسا صحافی جو اپنے قلم سے سچائیوں کی تصویر کشی کرتا ہے اور معاشرتی بگاڑ اور فساد کے خلاف اپنے قلم کی صلاحیتوں کو استعمال کرتا ہے، وہ قوم کا عظیم سرمایہ ہے اور ایسا صحافی جو مفادات کی خاطر کام کرے اور معاشرے میں بدی کی قوتوں کا آلہ کار بنے، وہ صحافت کے چہرے پر کلنک کا ٹیکہ ہے۔

مفادات سے پاک ایک توانا اور آزاد صحافت ہی ایک صحت مند اور ترقی پذیر معاشرے کی ضامن ہوتی ہے۔ صحافی بے غرض ہو تو اس کے قلم سے لکھا گیا ہر ہر لفظ اثر رکھتا ہے، لیکن جب وہ مفادات کی خاطر اپنے قلم اور ضمیر کو بااثر طبقات کے ہاں رہن رکھ دے تو اس کی چیختی چنگھاڑتی سچائیاں بھی بے اثر ثابت ہوتی ہیں، صحافی کی حیثیت ایک قائد کی طرح ہوتی ہے، جو صرف وہی بات کرے جو قوم کے مفاد میں ہو، جس سے معاشرے میں بہتری آنے کی امید ہو۔

اس موقع پرصدر یونین آف جرنلسٹ قصور عطاء محمد قصوری ، صدر پریس کلب مصطفی آباد للیانی (رجسٹرڈ) محمد عمران سلفی، رانا توقیر احمد، محمد اکمل کھوکھر، حافظ طاہر اقبال ودیگر صحافیوں نے بھی اپنے اپنے خیالات کا اظہار کیا۔

محمد عمران سلفی صدر پریس کلب مصطفی آباد للیانی رجسٹرڈ
0300-0334-7575126