صحافیوں پر تشدد، آئی جی سندھ سمیت دیگر اہلکاروں نے معافی نامے کرا دیئے

Sindh High Court

Sindh High Court

کراچی (جیوڈیسک) سندھ ہائیکورٹ نے آئی جی اور دیگر پولیس افسران کے خلاف توہین عدالت کیس کی سماعت یکم جون تک ملتوی کر دی، عدالت کا کہنا ہے دیکھتے ہیں وزیراعلیٰ سندھ ذمہ داروں کے خلاف کیا کارروائی کرتے ہیں۔

ذوالفقار مرزا کی پیشی کے دوران میڈیا نمائندوں پر تشدد کے حوالے سے توہین عدالت کیس کی سماعت سندھ ہائی کورٹ میں ہوئی ۔ عدالت کے روبرو آئی جی سندھ اور دیگر پولیس افسران نے ایک بار پھر معافی نامے اور حلف نامے جمع کرائے۔

جسٹس سجاد علی شاہ نے ریمارکس دیئے کہ دیکھتے ہیں کہ وزیراعلیٰ سندھ ذمہ داروں کے خلاف کیا کارروائی کرتے ہیں۔ پیر کے روز داخل کیے گئے حلف ناموں اور معافی ناموں کا جائزہ لیا جائے گا۔

عدالت کا کہنا تھا کہ اگر درخواست گزاروں کے وکیل فاروق ایچ نائیک آئندہ سماعت پر پیش نہ ہوئے تو ان کی درخواست مسترد کر دی جائے گی جس کے بعد سماعت یکم جون تک ملتوی کر دی گئی۔