جوڈیشل کمیشن نے نجم سیٹھی کو کمرہ عدالت سے باہر نکال دیا

Najam Sethi

Najam Sethi

اسلام آباد (جیوڈیسک) مبینہ انتخابی دھاندلی کی تحقیقات کرنے والے جوڈیشل کمیشن نے تحریک انصاف کے وکیل کی درخواست پر نجم سیٹھی اور دیگر گواہان کو کمرہ عدالت سے باہر بھیج دیا۔

سپریم کورٹ اسلام آباد میں چیف جسٹس ناصر الملک کی سربراہی میں 3 رکنی جوڈیشل کمیشن نے مبینہ انتخابی دھاندلی سے متعلق معاملے کی سماعت کی۔ اس موقع پر پنجاب کے سابق نگراں وزیر اعلیٰ نجم سیٹھی بھی پیش ہوئے۔ سماعت کے دوران سابق چیف سیکریٹری پنجاب جاوید اقبال نے بطور گواہ اپنا بیان ریکارڈ کرایا۔

تحریک انصاف کے وکیل حفیظ پیرزادہ نے کمیشن سے درخواست کی کہ ایک گواہ بیان ریکارڈ کرا رہا ہو تو دیگر گواہ کمرہ عدالت میں موجود نہیں ہونے چاہئیں اس لئے کمیشن سے درخواست ہے کہ وہ دیگر گواہان کو کمرہ عدالت سے باہر بھیج دے، جس پر کمیشن نے نجم سیٹھی سمیت دیگر گواہوں کو کمرہ عدالت سے باہر جانے کی ہدایت کردی۔