امیر جے یو آئی فضل الرحمان نے فاٹا میں ریفرنڈم کا مطالبہ کر دیا

Maulana Fazlur Rehman

Maulana Fazlur Rehman

پشاور (جیوڈیسک) جے یو آئی کے امیر مولانا فضل الرحمان نے فاٹا میں ریفرنڈم کا مطالبہ کر دیا، کہتے ہیں اسلام آباد کو بند کرنےکیلئے پہلے تالہ تو پیدا کریں ، پی ٹی آئی والے اب شاہین نہیں بلکہ تتلیاں بن گئے ہیں۔

پشاور میں میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے جمعیت علمائے اسلام کے مرکزی امیر مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ پارلیمنٹ میں فاٹا اصلاحاتی کمیٹی کی پیش کی گئی رپورٹ پر تحفظات ہیں ، بہتر ہے کہ فاٹا میں ریفرنڈم کروایا جائے تاکہ معلوم ہوسکے کہ وہاں کے عوام صوبے میں شامل ہونا چاہتے ہیں یا اسی نظام میں تبدیلی چاہتے ہیں ۔ ان کا کہنا تھا کہ اسلام آباد کو بند کرنے والے بتائیں کہ اتنا بڑا تالہ ہے کسی کے پاس ، حکومت کو تحریک انصاف کو کائونٹر کرنے کا طریقہ آگیا ہے۔

پی ٹی آئی والے اب شاہین نہیں رہے بلکہ وہ تتلیاں بن گئے ہیں ۔ سی پیک پر اعتراضات کرنے والے اب مغربی روٹ کا مسئلہ اٹھا رہے ہیں ۔ جب یہ منصوبہ شروع ہونے جا رہا تھا تو یہ لوگ اس وقت کہاں تھے؟۔ ڈی آئی خان سے اقتصادی راہداری منصوبے پر عملدرآمد شروع ہوچکا ہے ۔ اس منصوبے پر عملدرآمد شروع ہونے سے ہمارے مخالفین کا سیاسی جنازہ نکل گیا ہے ۔ ان کا کہنا تھا کہ آرمی چیف کی مدت ملازمت میں توسیع سرکاری معاملات ہیں جس پر وزیر اعظم بہتر سمجھتے ہیں ۔ ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ بلاول بھٹو کو وہ بیٹا سمجھتے ہیں اور انہیں بیٹا کہہ کر ہی پکارتے ہیں۔