کمالیہ اور گردو نواح کی خبریں ڈاکٹر غلام مرتضیٰ سے

Kamalia

Kamalia

کمالیہ (بیوروچیف ۔ڈاکٹر غلام مرتضیٰ) کمالیہ سٹی پولیس کا جوئے کے اڈوں پر کریک ڈائون، متعدد گرفتار، مقدمہ درج۔ تفصیل کے مطابق تھانہ سٹی پولیس کمالیہ نے جواریوں کے خلاف آپریشن تیز کرتے ہوئے کچی بستی محلہ حسن چوک سے مخبر نے اطلاع دی کہ عمر حیات کی بلیرڈ پر جواء ہو رہا ہے پو لیس نے مخبر کی اطلاع پر ریڈ کیا جہاں پر نوجوان لڑکے بلیرڈ پر جواء لگا کر کھیل رہے تھے جس پر پو لیس نے 9افراد کو گرفتار کر لیا جبکہ دوسرے واقعہ مین سٹی پولیس کمالیہ نے کچی بستی کمالیہ کے محلہ بلال گنج غو ثیہ چوک میں مخبر نے اطلاع دی کہ چند لوگ تاش پر جواء کھیل رہے ہیں جس پر پولیس نے موقع پر ریڈ کر کے 5 افراد کو گرفتار کر لیا اور سب کے خلاف دفعہ 5قمار بازی کے تحت مقدمہ درج کر کے حوالات میں بند کر دیا ۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
کمالیہ ( بیوروچیف ۔ڈاکٹر غلام مرتضیٰ ) انڈیا کی طرف سے کنڑول لائن پر آئے روز فائرنگ ایک معمول بن چکا ہے ان کو اینٹ کا جواب ہماری پاک فوج پتھر سے دے رہی ہے مگر ہمارے حکمرانوں کی خاموشی سمجھ سے بالا تر ہے ان کی ہر قسم کی اشیاء کا بائیکاٹ کیا جائے ان خیالات کا اظہار چیرمین پاکستان مسلم اتحاد رانا غلام مصطفیٰ منج نے اپنے ایک بیان میں کہا ۔انہوں نے کہا کہ انڈین فوج کا یہ معمول بن چکا ہے کہ وہ جب چاہے کنٹرول لائن پر فائرنگ کر دیتے ہیں اور ہمارے پاک فوج کے جوانوں کو زخمی اور شہید کر دیتے ہیں مگر ہماری پاک فوج کو بھی سلام کہ وہ اینٹ کا جواب پتھر سے دیتے ہیں اور ان کی گولیوں کا رخ انہی کی طرف ہو جاتا ہے اور وہ اپنی بلوں میں چھپ کربیٹھ جاتے ہیں مگر ہمارے حکمرانوں کی خاموشی سمجھ سے بالا تر ہے۔ انڈیا کی ہر قسم کی پروڈیکٹ کا مکمل طور پر بائیکاٹ کیا جائے اور کیبل پر چلنے والے ہر قسم کے انڈین چینل کو مکمل طور پر بند کیا جائے۔ اور انڈیا سے ہر قسم کا تعلق ختم کیا جائے کیونکہ مودی ایک چھوٹی سوچ کا مالک ہے اس کے ہوتے ہوئے پاکستان سے انڈیا کے کبھی بھی مذاکرات ہونا ناممکن ہے وہ ایک ایسی پارٹی سے وابستہ ہے جو کہ انڈیا کی سب سے خطر ناک اور دنگا فساد کروانے والی پارٹی ہے لہٰذا انڈیا سے ہر قسم کے تعلقات کا خاتمہ کیا جائے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
ترکم فاؤنڈیشن کے دفتر پر پولیس کا چھاپہ،چار ملزم گرفتار،تھانہ صدر پولیس نے تمام ریکارڈ ودیگر سامان قبضہ میں لے لیا۔
کمالیہ ( بیوروچیف ۔ڈاکٹر غلام مرتضیٰ ) ہزاروں غریب اور نادار لوگوں سے راشن کے نام پرکروڑوں روپے لوٹنے والی ترکم فاؤنڈیشن کے دفتر پر پولیس کا چھاپہ،چار ملزم گرفتار،تھانہ صدر پولیس نے تمام ریکارڈ ودیگر سامان قبضہ میں لے کر 13افراد کے خلاف مقدمہ درج کرلیا،چھاپہ لوگوں کی شکایات ملنے پر ڈی ایس پی سرکل کمالیہ کے حکم پر مارا گیا،دیگر ملزمان کی گرفتاری کے لیے تمام تر وسائل بروئے کار لائیں گے ایسے افراد کسی رعایت کے مستحق نہیں ہیں،ڈی ایس پی کا موقف۔تفصیلات کے مطابق کینال ویو کالونی کمالیہ میں گزشتہ روز ڈی ایس پی سرکل کمالیہ مہر محمد سعید کے حکم پر تھانہ صدر پولیس نے ترکم فاؤنڈیشن کے نام پر غریب لوگوں کو راشن کی آڑ میں دھوکا دینے والے کے دفتر پر چھاپہ مار کر چار ملزمان سجاد وٹو،محمد امین،محمد رفیق وغیرہ کو موقع سے گرفتار کرلیا۔پولیس نے ملزمان کے قبضہ سے تما م ریکارڈ اور دیگر سامان بھی قبضہ میں لے کر 6نامزد اور 7نامعلوم ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرلیا۔ملزمان نے اپنا نیٹ ورک وسیع کرنے کے لیے رنگ لیڈر(RL)بھی تعینات کیے ہوئے تھے جو غریبوں سے 2500روپے نقد وصول کرکے آئندہ 6ماہ کے لیے مفت راشن دینے کا جھانسا دیتے تھے اس دوران انہوں نے ہزاروں افراد سے کروڑوں روپے رقم وصول کی تھی اورراشن دینے کی رسیدیں ان کے ہاتھوں میں تھما دیں۔ملزمان کی گرفتاری کے بعد ڈی ایس پی سرکل کمالیہ نے کہا ہے کہ ملزمان کتنے ہی بااثر کیوں نہ ہوں ان کی گرفتاری کے لیے تمام تر وسائل بروئے کار لائے جائیں گے کیونکہ مجرم کسی رعایت کا مستحق نہیں ہوتا اور دیگر ملزمان کی گرفتاری کے لیے ٹیم تشکیل دے دی گئی ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

Kamalia

Kamalia

کمالیہ ( بیوروچیف ۔ڈاکٹر غلام مرتضیٰ ) میونسپل کمیٹی کمالیہ کابجٹ وسالانہ ترقیاتی پروگرام متفقہ طور پر منظور۔تفصیلات کے مطابق وائس چئیرمین محمودالحسن جٹ کی زیرصدارت میونسپل کمیٹی ہال میں بجٹ و سالانہ ترقیاتی پروگرام اجلاس منعقد ہوا۔جس میں چیئرمین محمد شریف ملک،چیف آفیسر محمد نواز خان، افسران میونسپل کمیٹی کمالیہ وممبران کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ بجٹ و ترقیاتی پروگرام اجلاس میں متفقہ طور پر منظور کر لیا گیا۔ اجلاس میں چھ ماہ جنوری تا جون 2017تک کا ضمنی بجٹ پیش کیا گیا جس میں مبلغ973.53لاکھ روپے کا تخمینہ لگایا گیا۔آمدہ گورنمنٹ گرانٹ نان ڈویلپمنٹ و ڈویلپمنٹ گرانٹ 635.85لاکھ روپے بنتی ہے اور محکمانہ آمدن 337.68روپے بنتی ہے۔اخراجات کی مد میں 923.53روپے مختص کیے گئے۔ملازمین کی تنخواہوں اور سائر اخراجات کے لیے مبلغ 738.13روپے کی گنجائش رکھی گئی۔پنشن کے لیے 00.50لاکھ روپے اور سالانہ ترقیاتی پروگرام برائے چھ ماہ کے لیے 135.40لاکھ روپے مختص کیے گئے۔اس موقع پر چیئرمین میونسپل کمیٹی محمد شریف ملک نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میونسپل کمیٹی کے منتخب نمائندوں،آفیسران اور اہلکاران کی باہمی مشاورت اور رہنمائی سے بجٹ تیار کیا گیا ہے۔اس بجٹ کی تیاری کے وقت حکومتی ہدایات اور رولز کو مدنظر رکھا گیا ہے۔میں امید رکھتا ہوں کہ یہ بجٹ عوامی امنگوں اور خواہشوں کا آئنہ دار ثابت ہوگا اور شہر کی ترقی و خوشحالی اور عوام الناس کی فلاح و بہبود کے حوالے سے نئے دور کا آغاز ہوگا۔میونسپل کمیٹی کمالیہ کے فنڈز حکومت کے وضح کردہ قواعد و ضوابط کے مطابق عوام الناس کو بہتر سہولیات فراہم کرنے کے لیے خرچ ہونگے۔آخرمیں چیئرمین نے کہا کہ میں دعاگو اللہ تعالیٰ ہم سب کو صدق دل اور نیک نیتی سے کمالیہ شہر کی غیور عوام کی بہتر خدمت کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔ اجلاس غیر معینہ مدت کے لیے ملتوی کردیا گیا۔