کمالیہ کی خبریں 23/6/2017

Dr.Ghulam Murtaza

Dr.Ghulam Murtaza

کمالیہ (بیوروچیف) شہر میں جاری پبلک ہیلتھ کی جانب سے واٹر سپلائی و سیوریج سکیم کی وجہ سے گلیاں ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہیں اور صفائی کی صورت حال بہتر بنانے میں رکاوٹ ہیںاس بارے متعدد بار محکمہ پبلک ہیلتھ کو تحریر کیا گیا مگر ابھی تک کوئی جواب موصول نہ ہوا ہے۔ ان خیالات کا اظہار چیئرمین محمد شریف ملک نے پریس کانفرنس کے دوران صحافیوں سے گفتگوکرتے ہوئے کیا ۔اس موقع پر سابق چیئرمین بلدیہ رائے ضیاء اللہ خان، چوہدری محمد امین، رائے عارف خاں، رانا شبیر منا،سردارریاض گجر و دیگر بھی موجود تھے۔انہوں نے مزید کہا کہ شہر میں جگہ جگہ کھدائی کی وجہ سے آئے روز سیوریج کی بندش کا سامنا کرنا پڑتاہے ۔حالیہ بارشوں کی وجہ سے شہریوں کی طرف سے اکثر شکایات موصول ہورہی ہیں مگر محکمہ پبلک ہیلتھ انجینئرنگ کی ہٹ دھرمی کی وجہ سے میونسپل کمیٹی کو مسائل کا سامنا ہے۔مزیدبرآںعید الفطر کے انتظامات کے سلسلہ میںبتایا کہ عید الفطر کے حوالہ سے عملہ صفائی ،واٹر سپلائی کی ڈیوٹیا ںلگادی گئی ہیں جوکہ دوران عید کی چھٹیاں اپنی ڈیوٹی سرانجام دیں گے ۔خصوصی صفائی مہم کے ذریعہ مساجد ،عیدگاہوں و امام بارگاہوں کی صفائی کروائی جارہی ہے ۔اس سلسلہ میں میونسپل کمیٹی آفس میں کنٹرول روم قائم کردیا گیا ہے ۔ کسی بھی شکایت کی صورت میں ٹیلی فون نمبر046-3413516پر رابطہ کریں۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
کمالیہ (بیوروچیف) وکلاء اور واپڈا ملازمین تنازعہ ہڑتال جاری، سائلین پریشان حال ،شہریوں کا منتخب نمائندگان سے مصالحتی کردار ادا کرنے کامطالبہ ۔تفصیلات کے مطابق کمالیہ بار کے وکلاء اور واپڈا ملازمین میں گزشتہ تین روز سے جاری تنازعہ شدت اختیار کرتا جا رہارہے جس پر وکلاء نے گزشتہ روز عدالتوں کا مکمل بائیکاٹ کیا اور رائے نئیر عباس ایڈوکیٹ کے گھر حملہ آور ہونے والے واپڈا ایس ڈی او علی عمران اور اسکے دیگر بائیس ساتھیوں کی فوری گرفتاری کا مطالبہ کیا ۔جبکہ دوسری جانب واپڈا ملازمین نے بھی مکمل ہڑتال کی اور گرڈ اسٹیشن میں دھرنا دیا۔ اور ایس ڈی او علی عمران کی جانب سے مذکو رہ وکیل کے خلاف درج کروائے گئے مقدمہ میں ملزما ن کی گرفتاری کا مطالبہ کیا ۔دونوں فریقین کی ہٹ دھرمی سے شہریوں کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے اور صورتحال کی سنگینی پرشہری و سماجی تنظیموں نے منتخب نمائندگان سے فوری نوٹس لے کر مصالحتی کردار ادا کرنے کا مطالبہ کیا ہے ۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
کمالیہ (بیوروچیف) محکمہ ہیلتھ کی کاروائی ، دو غیر قانونی کلینک سیل۔ تفصیلات کے مطابق ڈی ڈی ایچ او ڈاکٹرکاشف ، فوڈ انسپکڑ چوہدری غلام مصطفیٰ ، ڈرگ انسپکڑ محمد عرفان نے دوران چیکنگ کاروائی کرتے ہوئے اڈا 734 گ ب میں المدینہ ڈینٹل کلینک اور بھسی اڈہ پر مصطفیٰ کلینک پر چھاپہ مارا اور غیر قانونی پریکٹس کرنے اور غفلت اور لاپرواہی پر چالان بنا کر ہیلتھ کیئر کمیشن پنجاب کو بجھوا دیا۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
کمالیہ (بیوروچیف) چوہدری آرٹس سوسائٹی اینڈ کلچرل ونگ کے زیر اہتمام موسیقی کا عالمی دن یعنی ورلڈ میوزک ڈے منایا گیا۔ اور اس دن کو منانے کا مقصد تمام ملکوں کی ثقافت کو موسیقی کے ذریعے اجاگر کرنا ہے۔ اس موقع پر سوسائٹی کے نو منتخب چیف ایگزیکٹیو انجنئیر ظہیر عباس چوہدری نے موسیقی کے فروغ اور اس سلسلے میں درپیش مسائل پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ مسلمانوں کے دور حکومت میں کچھ صوفیاء کرام کی وجہ سے اور موسیقاروں کی حکمرانوں سے وابستگی کی بدولت موسیقی کو ترقی ملی۔ مثلاََ سلطان علاوالدین خلجی موسیقاروں کا بڑا دلدادہ تھا۔ ایک کثیر تعداد میں صوفیاء اور موسیقاروں کا حلقہ اس کے گرد جمع رہتا تھا۔ موسیقی روح کی غذا اور من کا چین و قرار ہے۔ اس دور کے نامور موسیقار استاد امیر خسرو نمایاں ہیں۔برصغیر کے دور اسلامی کی موسیقی میں خسرو کا خاص طور پر اہم مقام ہے۔ امیر خسرو جدید دھنوں کے موجدتھے۔ انہوں نے ایرانی رنگ مقامی مزاج کے مطابق پیش کیا۔ خیال کی ایجاد خسرو کا بڑا کارنامہ ہے۔ اسی طرح انہوں نے طبلہ اور ستار جیسے معروف ساز بھی ایجاد کئے۔ سوسائٹی کے ایم ڈی، ایم افضل چوہدری نے کہا کہ پاکستان میں قدیم و جدید موسیقی کی دونوں روایاتیں ایک ساتھ چل رہی ہیں۔ اسی طرح سازوں میں بھی جدید تنوع پیدا ہوا ہے۔ دیسی سازوں کے ساتھ مغربی ساز بھی استعمال کئے جاتے ہیں۔ عوامی گلوکار قدیم صوفیاء کا کلام پڑھ کر لوگوں کے دلوں میں سمائے ہوئے ہیں۔ جنہیں پاکستان کے قدیم صوفیائوں سچل سر مست، خواجہ فرید، بلھے شاہ، عبد اللطیف بھٹائی وغیرہ نے ترتیب دیا۔ اسی طرح قوالیوں میں تصوفانہ سبق آموز خیال حضور اور دیگر بزرگوں کی محبت پر مبنی ہے۔ پاکستان کی لوک موسیقی عوام الناس کے سچے جذبوں اور ان کی محبتوں ، نفرتوں ، غموں خوشیوں اور زندگی سے بھر پور گھریلو اور میلوں ٹھیلوں کی ترجمان ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
کمالیہ (بیوروچیف) زمین کے تنازع پر سابق کونسلر سگے بھائی کے ہاتھوں قتل ،بیٹا زخمی ۔تفصیلات کے مطابق چاہ شاموں والا نزد ریلوے اسٹیشن کے قریب مبینہ طور پر سگے بھائی نذیر احمد اور بھتیجوں شیراز اور فراز وغیرہ نے زمین کے تنازع پر ڈنڈے سوٹوں کے وار کرکے سابق کونسلر چوہدری بشیر آرائیں۔ اور اسکے بیٹے عمیرکو شدید زخمی کر دیا محمد بشیر زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا ۔جبکہ ز خمی کو تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال منتقل کر دیا گیا جہاں اسکی حالت خطرے سے باہر بیان کی جا رہی ہے تھانہ صدر پولیس مصروف تفتیش ہے تاحال کسی ملزم کی گرفتار عمل میں نہیں لائی جا سکی۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
کمالیہ (بیوروچیف) واپڈا ٹیم کی مبینہ غنڈہ گردی ،وکیل کے گھر پر حملہ اہلخانہ پر تشدد میٹر بھی اتار لیا گیا ۔ ایس ڈی او واپڈا سٹی سمیت بائیس افرا د کے خلاف مقدمہ درج ۔وکلاء کی واقعہ کی شدید مذمت، تفصیلات کے مطابق سابق جنرل سیکرٹری بار رائے نیئر عباس نے پولیس کو بتایا کہ گزشتہ شام ایس ڈی او واپڈا علی عمران سمیت درجنوں ملازمین نے گھر پر دھاوا بول دیا اور مجھے جان سے مارنے کی کوشش کی۔ اسی دوران گھر میں موجود ملازمہ پر تشدد کر کے کپڑے پھاڑ دئیے اور بیوی بچوّں کو کمرے میں بند کر دیا اور گھر کا بجلی میٹر بھی اتار لیا اہل محلہ کی مداخلت پر ملزمان فرار ہو گئے ۔تھانہ سٹی پولیس نے ایس ڈی او علی عمران،عقیل حیدر شاہ ،رانا منور،ثمر عباس سمیت 22 افراد کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ۔کمالیہ بار کے صدر مہر یٰسین درسانہ نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ واپڈا ہ اہلکاروں کی جانب سے غنڈہ گردی کا واقعہ انتہائی شرمناک اور قابل مذمت ہے ،اس حوالہ سے رابطہ کرنے پر ایس ڈی او علی عمران نے بتا یا کہ مذکورہ شخص کے گھر بجلی چوری کر نے کی اطلاع پر واپڈا ٹیم چیک کرنے پہنچی تو نیئر عباس نے طیش میں آکر واپڈا اہلکاروں پر حملہ کیا اس حوالہ سے تحریری درخواست تھانہ سٹی کو دی گئی لیکن ایس ایچ او سٹی نے کسی بھی قسم کی کاروائی کرنے سے انکار کر دیا انہوں نے کہا کہ پولیس وکلاء کے دبائو کا شکار دکھائی دے رہی ہے۔ اگرفوری طور پر مقدمہ خارج نہ کیا گیا تو دفاتر کی تالہ بندی اور شہر بھر کو بجلی کی سپلائی معطل کر دی جائے گی۔ واضح رہے گزشتہ روز ایس ڈی او علی عمران کی مدعیت میں مذکورہ وکیل کے خلاف دفتر میں داخل ہو کر سنگین نتائج کی دھمکیاں دینے کا مقدمہ بھی درج کیا گیا ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
کمالیہ سے ( بیوروچیف۔ڈاکٹرغلام مرتضیٰ )