کانپور ٹیسٹ پر انڈیا کی گرفت مضبوط

Ravichandran and Ashwin

Ravichandran and Ashwin

کانپور (جیوڈیسک) کانپور میں انڈیا اور نیوزی لینڈ کے درمیان تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے پہلے میچ کے چوتھے دن کھیل کے اختتام تک نیوزی لینڈ نے 434 رنز کے ہدف کے تعاقب میں چار وکٹوں کے نقصان پر 93 رنز بنائے ہیں۔

اتوار کو ٹیسٹ میچ کے چوتھے دن انڈیا نے 159 ایک کھلاڑی آؤٹ پر اپنی دوسری اننگز کا دوبارہ آغاز کیا اور 377 رنز پانچ کھلاڑی آؤٹ پر اننگز ڈکلیئر کر دی۔

اس طرح انڈیا کو مجموعی طور پر نیوزی لینڈ پر 434 رنز کی برتری حاصل ہوگئی۔ دوسری اننگز میں انڈیا کی جانب سے پچارا 78 اور مرلی وجے 76 رنز کے ساتھ نمایاں سکورر رہے جبکہ روہت شرما 68 اور روندر جاڈیجا 50 رنز پر ناٹ آؤٹ رہے۔

نیوزی لینڈ کی جانب سے سینٹنر اور ایش سودھی نے دو دو اور مارک کریگ نے ایک وکٹ حاصل کی۔

انڈیا کے 434 رنز کے ہدف کے تعاقب میں نیوزی لینڈ کی جانب سے لیتھم اور گٹپل نے اننگز کا آغاز کیا تاہم ابتدا سے ہی نیوزی لینڈ کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا جب تین کے مجموعی سکور پر دونوں اوپنرز پویلین لوٹ گئے۔

اس کے بعد ولیمسن 25 اور روس ٹیلر 17 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے۔دوسری اننگز میں روندر جاڈیجا 50 رنز پر ناٹ آؤٹ رہے

چوتھے دن جب کھیل کو اختتام ہوا تو نیوزی لینڈ نے چار کھلاڑیوں کے نقصان پر 93 رنز بنائے تھے اور کریز پر لوک رونچی 38 اور مچل سینٹنر آٹھ کے ساتھ موجود تھے۔

انڈیا کی جانب سے دوسری اننگز میں روی چندر ایشون نے تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ اس سے پہلے میچ کے دوسرے روز انڈیا کی پوری ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 318 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی جس کے جواب میں نیوزی لینڈ نے اپنی پہلی اننگز میں 262 رنز بنائے تھے۔

دونوں ٹیموں کے درمیان تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے بعد پانچ ایک روزہ میچ کھیلے جائیں گے۔