کراچی: مختلف علاقوں میں آپریشن، 40 افراد زیرحراست، مقابلے میں 1 ملزم ہلاک

Police Operations

Police Operations

کراچی (جیوڈیسک) گلبرگ بلاک 5 اور موسی گوٹھ کے علاقوں میں 2 گھنٹے سے زائد چلنے والے آپریشن میں پولیس نے علاقے کے داخلی اور خارجی راستوں کو سیل کرکے گھر گھر تلاشی لی۔

پولیس کے مطابق آپریشن جرائم پیشہ افراد کی موجودگی کی اطلاع پر کیا گیا، جبکہ کاروائی کے اختتام پر پولیس نے 40 مشتبہ افراد کو حراست میں لیکر گلبرگ تھانے منتقل کردیا، جہاں ان سے تفتیش کی جارہی ہے۔ دوسری جانب اور اس سے پہلے لیاری میں پولیس کے ساتھ مقابلے میں 1 ملزم ہلاک 2 گرفتار کیے گئے ہیں۔

ایس ایس پی سٹی فدا حسین کے مطابق لیاری کے علاقے چاکیواڑہ میں پولیس اور ملزمان کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا، جس کے نتیجے میں گینگ وار بابا لاڈلہ گروپ سے تعلق رکھنے والا ملزم ہلاک ہوگیا ہے، جس کی شناخت الن عرف چکمار کے نام سے ہوئی ہے۔

ملزم ٹارگٹ کلنگ، بھتہ خوری اور اغواء برائے تاوان کی متعدد وارداتوں میں ملوث تھا، تاہم کاروائی کے دوران گینگ وار کے 2 ملزمان کو بھی گرفتار کیا گیا، جن کے قبضے سے گرنیڈ لانچر، آوان بم، دستی بم، 9ایم ایم پسٹل گولیوں سمیت برآمد کرلیا گیا۔