کراچی : مختلف علاقوں میں فائرنگ، 3 افراد جاں بحق

Karachi Firing

Karachi Firing

کراچی (جیوڈیسک) کراچی کے مختلف علاقوں میں ایک گھنٹے کے اندر فائرنگ کے 3 واقعات میں 3 افراد جاں بحق اور 2 زخمی ہو گئے۔

کراچی کے علاقے جمشید روڈ پرپردہ پارک کے قریب فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق ہو گیا، ایس پی جمشید ٹاؤن طاہرنورانی نے واقعے کو ٹارگٹ کلنگ قرار دیا ہے۔

گلشن اقبال میں راشد منہاس روڈ پر لال فلیٹس کے قریب بھی فائرنگ سے دو پولیس اہلکاروں سمیت تین افراد زخمی ہوگئے، تاہم فائرنگ کا نشانہ بننے والا سب انسپکٹراقبال محمود بعد ازاں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا۔

ایس پی گلشن اقبال کے مطابق واقعے میں ملزمان نے پولیس انسپکٹر کو نشانہ بنایا ہے، فائرنگ سے پولیس سب انسپکٹر کا ایک ساتھی اور ایک راہگیر بھی زخمی ہوا ہے۔

ایس پی گلشن اقبال کا مزید کہنا ہے کہ فیروز آباد تھانے میں تعینات پولیس سب انسپکٹر اقبال محمود موٹرسائیکل پرسوار تھا، جبکہ ملزمان کار میں سوار تھے۔

کورنگی انڈسٹریل ایریا میں فائرنگ کے ایک اور واقعے میں ایک شخص جاں بحق ہو گیا، ایس ایس پی نعمان صدیقی کے مطابق فائرنگ کرنے والے ملزم کو گرفتار کر کے اسلحہ برآمد کر لیا گیا ہے جبکہ فائرنگ سے ہلاک شخص کی شناخت رضوان کے نام سے ہوئی ہے۔