آل پاکستان ڈاکٹر محمد علی شاہ فٹ بال ٹورنامنٹ نیشنل بنک آف پاکستان کی ٹیم نے اپنے نام کرلیا

Karachi

Karachi

کراچی (اسپورٹس رپورٹر) کراچی ککرز فٹ بال کلب کورنگی کے زیر اہتمام نیشنل بنک آف پاکستان کے تعاون سے ڈاکٹر محمد علی شاہ فٹ بال اسٹیڈیم کورنگی پر جاری آل پاکستان نیشنل بنک ڈاکٹر محمد علی شاہ یادگاری فٹ بال ٹورنامنٹ نیشنل بنک آف پاکستان کی ٹیم نے کراچی کی معروف ٹیم کراچی یونائٹیڈ کو 2-1سے مات دیکر ٹائٹل اپنے نام کرلیا ۔دوران کھیل دونوں ٹیموں نے اپنے روائتی شاندار کھیل کا مظاہرہ کیا پہلے ہاف کے 12ویں منٹ میں کراچی یونائٹیڈ کے نعمان جو جو نے ثاقب کے خوبصورت پاس کی بدولت اپنی ٹیم کو ایک گول سے برتری دلادی جبکہ دوسرے ہاف میں 46ویں منٹ میں این بی پی کے اسرار حاجی نے گول کرکے مقابلہ برابر کردیا اس کے بعد نیشنل بنک نے اپنے کھیل میں مزید بہتری لاتے ہوئے مخالف ٹیم کے گول پوسٹ پر حملوں کا سلسلہ تیز کردیا جس کے نتیجے میں نیشنل بنک کے کھلاڑی ثناء اللہ نے 61ویں منٹ پر گول کرکے اپنی ٹیم کو برتری دلا دی جو کہ کھیل کے اختتام تک برقرار رہا ۔

اس طرح ٹورنامنٹ کا ٹائٹل لیکر نیشنل بنک آف پاکستان کی ٹیم گرائونڈ سے باہر آئی ۔میچ کے اختتام پر منعقدہ تقسیم انعامات کی تقریب میں مہمان خصوصی معروف سماجی رہنماء ڈاکٹر محمد شریف نے فاتح ،رنر اپ اور کھلاڑیوں میں انفرادی انعامات تقسیم کئے ،ریفریز اور ججز کے فیصلے کے مطابق ٹورنامنٹ کا ٹاپ اسکورر ایورڈ نیشنل بنک کے مقبول ،بیسٹ گول کیپر کا ایوارڈ نیشنل بنک کے عمیر اور ٹورنامنٹ کے بہترین کھلاڑی کا ایوارڈ کراچی یونائٹیڈ کے ثاقب اور جنید نے مشترکہ حاصل کیا ۔اس موقع پر پاکستان فٹ بال ریفریز ایسوسی ایشن کے صدر کامران ارشد ،ممبر امجد میر ،سندھ ریفریز ایسوسی ایشن کے سیکریٹری سعید خان ،ٹورنامنٹ آرگنائزنگ سیکریٹری ظفر یار خان ،کراچی ککرز فٹ بال کلب کے سیکریٹری قمر یار خان،میڈیا کوارڈینٹر شیر افضل اور دیگر موجود تھے ۔