کراچی ضلع غربی کی ٹیم نے 11واں نیشنل بنک کپ باسکٹ بال ٹورنامنٹ کا ٹائٹل اپنے نام کرلیا

NBP Basketball Tournament

NBP Basketball Tournament

کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان اسپورٹس ویلفیئر ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام کراچی باسکٹ بال ایسوسی ایشن کے اشتراک سے منعقد ہونے والا 11 واں نیشنل بینک کپ باسکٹ بال ٹورنامنٹ کراچی ویسٹ نے کراچی ایسٹ کو دلچسپ مقابلے کے بعد 28-34 پوائنٹس سے شکست دیکر جیت لیا۔ ٹورنامنٹ کا بہترین کھلاڑی کراچی ویسٹ کے طلحہ امجد کو قرار دیا گیا۔

اس کھلاڑی نے ٹورنامنٹ میں 114 پوائنٹس اسکور کئے ۔ فائنل کے مہمان خصوصی نیشنل بینک شعبہ اسپورٹس کے سربراہ اویس اسد خان تھے ۔ اس موقع پربلدیہ کورنگی کے ڈپٹی ڈائریکٹر محمد ارشد، SOA کے انجینئر محفوظ الحق، SBA کے سیکریٹری اصغر بلوچ انٹرنیشنل کرٹر سعید آزاد ، عبد الناصر ، امجد علی ، غلام محمد خان، عظمت اللہ خان، عبد الرزاق ، سجاس کے سیکریٹری اصغر عظیم ، انٹرنیشنل تنویر احمد بھی موجود تھے۔ اویس اسد خان نے اس موقع پر اعلان کیا کہ نیشنل بینک 2017 کی بورڈ میٹنگ میں باسکٹ بال ٹیم جو کہ پہلے نیشنل بینک میں تھی اس کی دوبارہ بحالی کے لئے کوشش کرے گا ۔ انہوں نے کہا کہ ان شاء اللہ آئندہ سال یہ ٹورنامنٹ نیشنل بینک کے تعاون سے اسی کورٹ پر منعقد ہوگا اور بینک ٹورنامنٹ شروع ہونے سے قبل اس کی تزئین و آرائش بھی کرے گا ۔ انہوں نے ٹورنامنٹ کے آئندہ سال انعامی رقم میں اضافے کا بھی اعلان کیا۔

قبل ازیں تقریب سے KBBA کے صدر غلام محمد خان نے خطاب کیا اور ٹورنامنٹ کی رپورٹ پیش کی اس موقع پر نیشنل بینک کی جانب سے محمد یعقوب ، عابد افتخار ملھی، آغا محمد رضا ، طارق حسین سمیت باسکٹ بال کھیل سے وابستہ افراد کو حسن کارکردگی ایوارڈ دیئے گئے ۔ قبل ازیں فائنل میں کراچی ویسٹ کی جانب سے طلحہ امجد نے 3پوائنٹر کی مدد سے 21 اور علی چن زیب نے 13 پوائنٹس اسکور کئے جبکہ کراچی ایسٹ کی جانب سے ضیاء احمد نے 9 اور عماد احمد نے 9پوائنٹس اسکور کئے ، عامر غیاث، طارق حسین ، اور نزاکت علی نے ریفریز کے فرائض جبکہ محمد جاوید اور ضائمہ طارق نے اسکورر اور ٹائم کیپر کے فرائض انجام دیے ۔ آخر میں کھلاڑیوں میں 60 ہزار کے نقد انعامات اور ٹرافیاں تقسیم کی گئیں جبکہ کراچی باسکٹ بال ایسوسی ایشن کی جانب سے اویس اسد خان کو کھیلوں میں خدمات پر ایوارڈ دیا گیا ۔ دریں اثناء KBBA کا اہم اجلاس جمعہ 16 دسمبر کو 8 بجے شب آرام باغ باسکٹ بال کورٹ پر ایسوسی ایشن کے صدر غلام محمد خان کی صدارت میں ہوگا جبکہ 7 بجے شام کراچی کی ٹیموں کے سیکریٹریز کا اجلاس ہوگا۔