کراچی : فاروق ستار کے گھر پر چھاپہ، ایم کیو ایم کا آج یوم احتجاج منانے کا اعلان

Farooq Sattar

Farooq Sattar

کراچی (جیوڈیسک) فاروق ستار کے گھر پر چھاپے کے خلاف ایم کیو ایم نے سندھ بھر میں احتجاج کا فیصلہ کیا ہے۔ ایم کیو ایم رابطہ کمیٹی کا کہنا ہے کہ کراچی سمیت سندھ بھر میں یوم احتجاج منایا جائے گا۔

یوم سیاہ کے موقع پر عوام سے کاروبار اور ٹرانسپورٹ بند رکھنے کی اپیل بھی کی گئی ہے۔ پی آئی بی کالونی میں رینجرز کی بھاری نفری نے ایم کیو ایم کے ڈپٹی کنونئیر ڈاکٹر فاروق ستار کے گھر اور گلی کا محاصرہ کیا۔ رینجرز کے محاصرے کے دوران ڈاکٹر فاروق ستار گھر میں ہی موجود تھے۔

فاروق ستار کا کہنا تھا کہ رینجرز کے افسر نے ان کی اہلیہ سے بات کرتے ہوئے کسی مرد کو باہر بھیجنے کا کہا۔ جس پر ان کی بیگم نے تلاشی کے وارنٹ کا تقاضا کیا۔ دوسری جانب رینجرز اہلکار کچھ کے محاصرے کے بعد واپس روانہ ہو گئے۔

رینجرز ذرائع کے مطابق چھاپہ ایم کیو ایم کے رکن سندھ اسمبلی کامران فاروقی سمیت 2 افراد کی گرفتاری کے لئے مارا گیا تاہم کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آئی۔ رینجرز کا محاصرہ ختم ہونے کے بعد ایم کیو ایم کے کارکنوں کی بڑی تعداد ڈاکٹر فاروق ستار کے گھر کے باہر جمع ہو گئی۔

فاروق ستار نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ہم محب وطن اور قانون پسند پاکستانی ہیں۔ اپنے گھر میں کسی کریمنل کو چھپانے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔