فٹ بال ٹورنامنٹ کے آخری سیمی فائنل میں سرحد اسپورٹس نے شہباز گرین کو شکست دیدی

Football

Football

کراچی (اسپورٹس رپورٹر) نیشنل فرنٹیئر فٹ بال کلب کے زیر اہتمام “تیسرا آل کراچی فضل محمد ،خیر محمد میموریل یادگاری فٹ بال ٹورنامنٹ کے آخری سیمی فائنل مقابلے میں سرحد اسپورٹس ملیر نے ڈسٹرکٹ ویسٹ کی معروف ٹیم شہباز گرین کو 3-1سے شکست دیکر فائنل تک رسائی حاصل کرلی۔

معروف فٹ بالر طارق خان کی قیادت میں نوجوان کھلاڑیوں پر مشتمل سرحد اسپورٹس نے اپنے شاندار کھیل کی بدولت گرائونڈ میں ہزاروں تماشائیوں کے دل جیت لئے کھیل کی خاص بات فاتح ٹیم کے نوجوان اسٹرائیکر کھلاڑی محمد بخش کا نہایت عمدہ کھیل تھا جنہوں نے 3خوبصورت گول اسکور کرکے اپنی ٹیم کا فائنل تک پہنچا نے میں نہایت اہم کردار ادا کیا۔

جبکہ شہباز گرین کا واحد گول ثناء اللہ نے اسکور کیا کھیل کے دوران دونوں ٹیموں نے ایک دوسرے پر برتری حاصل کرنے کے لئے تابڑ توڑ حملے کئے لیکن جیت سرحد اسپورٹس کا مقدر بنی ۔ٹورنامنٹ کا شاندار فائنل آج مورخہ 3مئی 2015ء بروز اتوار سرحد اسپورٹس اور باچا خان میموریل کے مابین کھیلا جائیگا۔

سرحد اسپورٹس کے روح رواں طارق خان نے اُمید ظاہر کی ہے کہ فائنل میں بھی سرحد اسپورٹس شاندار کھیل کا مظاہرہ کرکے ٹورنامنٹ کا ٹائٹل اپنے نام کرے گی۔