انیس شہید و راجہ شہید یادگاری فٹ بال ٹورنامنٹ میں کھو کھرآپار نیشنل نے بلوچ اسٹار شرافی کو مات دیدی

All Karachi Football Tournament

All Karachi Football Tournament

کراچی (اسٹاف رپورٹر) اللہ داد محمڈن فٹ بال کلب کے زیر اہتمام سرحد اسپورٹس لانڈھی کے تعاون سے جاری آل کراچی انیس شہید و راجہ شہید یاد گاری فٹ بال ٹورنامنٹ میں کھیلے گئے اہم میچ میں کھو کھرآپار نیشنل نے مد مقابل بلوچ اسٹار شرافی کو پنالٹی ککس پر 3-0سے شکست دیدی کھیل کے دوران مقابلہ 1-1گول سے برا بری پر ختم ہوا کھیل کے 22ویں منٹ پر کھو کھرآپار نیشنل کو ریفری شفیع بلوچ نے پنالٹی الاٹ کی۔

جس پر ان کے کھلاڑی عبدالخالد نے گول کرکے اپنی ٹیم کو برتری دلا دی لیکن کھیل کے آخری لمحات میں بلوچ اسٹار شرافی کے شاہنواز بلوچ نے گول اسکور کرکے اس برتری کا خاتمہ کردیا پنالٹی ککس مرحلے میں کھوکھرآپار نیشنل نے کامیابی اپنے نام کرلی اس میچ کے اختتام پر مہمان خصوصی معروف فٹ بال آرگنائزر ماسٹر رحیم سے دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں کا تعارف کرایا گیا۔

اس موقع پر جلال مراد فٹ بال کلب کے چیئر مین وشدل بلوچ ،کوچ محمد علی ،احمد بلوچ ،طارق خان ،نذر محمد ،دلاور خان اور دیگر موجود تھے اس موقع پر مہمان خصوصی ماسٹر رحیم نے شاندار ایونٹ کے انعقاد پر ٹورنامنٹ آرگنائزنگ کمیٹی کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے اپنی جانب سے مکمل تعاون کا یقین دلایا۔

ٹورنامنٹ میں کھیلے گئے اس اہم میچ میں ریفریز کے فرائض شفیع بلوچ نے اپنے معائونین ساتھیوں ممتاز شاہ اور اشرف خان کے ہمراہ انجام دیئے جبکہ میچ کمشنر با با آدم اور میڈیا کوارڈینٹر شیر افضل تھے۔