کراچی : غیرت کے نام پر خاتون کا قتل

Dead Body

Dead Body

کراچی (جیوڈیسک) کراچی میں گذشتہ روز غیرت کے نام پر ایک خاتون کو قتل کر دیا گیا۔ کراچی کے علاقے اورنگی ٹاؤن میں قتل کی یہ سنگین واردات پیش آئی، جہاں، پولیس کے مطابق، نسرین نامی 38 سالہ خاتون کو اس کے سگے بیٹے نے چچا اور چچازاد بھائی کے ساتھ مل کر غیرت کے نام پر موت کے گھاٹ اتار دیا۔

اورنگی ٹاون تھانے کے اسٹیشن ہاؤس افسر شاہد خان نے نمائندہ کو واقعے کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ “نسرین بی بی کو اس کے گھر کے مردوں نے لڑکے سے دوستی رکھنے کے اعتراض پر قتل کیا، جبکہ اس لڑکے کا ان کے گھر آناجانا بھی تھا۔

انھوں نے بتایا کہ کا مزید کہنا ہے کہ”اس دوستی اور لڑکے کے گھر آنے پر مقتولہ خاتون کے بیٹے نے اپنے چچا اور کزن کو بتایا جس پر وہ شدید غصہ ہوا اور نسرین کو قتل کرنے کا فیصلہ کیا اور خاتون کے گھر پہنچ کر جھگڑا کیا اور پھر خاتون کے دیور نے ذاتی اسلحے سے خاتون اور اس کے مرد دوست پر فائرنگ کردی”۔

بتایا جاتا ہے کہ فائرنگ کے واقعے کے فوری بعد پولیس نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر تینوں ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ پولیس کے مطابق، فائرنگ کے نتیجے میں نسرین گولیاں لگنے سے موقع پر ہی فوت ہوگئی جبکہ اس کا دوست زخمی ہوگیا جو مقامی اسپتال میں زیر علاج ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ زخمی نوجوان بلدیہ ٹاؤن کا رہائشی ہے، جس نے اپنے ابتدائی بیان میں بتایا ہے کہ اسکی نسرین بی بی سے دوستی تھی اور اکثر ملاقات کے لئے اس کے گھر جاتا تھا۔ پولیس نے مقتولہ خاتون کے بھائی کی مدعیت میں مقدمہ درج کرکے واقعے کی مزید تفتیش شروع کر دی ہے۔