کراچی سے بھارتی خفیہ ایجنسی ’را‘ کا نیٹ ورک پکڑا گیا، 4 دہشتگرد گرفتار

Raw

Raw

کراچی (جیوڈیسک) انسداد دہشتگردی فورس (سی ٹی ڈی) کے ایس ایس پی نوید خواجہ کا پریس کانفرنس میں دہشتگردوں کی گرفتاری کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہنا تھا کہ گرفتار دہشتگردوں کو نہ صرف بھارت سے پیسہ ملتا تھا۔

بلکہ انہوں نے بھارت کے مختلف علاقوں سے تربیت بھی حاصل کی۔ گرفتار دہشتگردوں میں شفیق پپو، خالد امان، محسن اور ظفر شامل ہیں جنہوں نے کراچی میں دہشتگردی کی متعدد وارداتوں میں ملوث ہونے کا اعتراف کر لیا ہے۔ گرفتار دہشتگردوں میں سے کچھ نے سلطانی گواہ بننے کا کہا ہے۔

ایس ایس پی سی ٹی ڈی کا کہنا تھا کہ بھارتی خفیہ ایجنسی ’را‘ کے دہشتگردوں کا مقصد پاکستان میں بدامنی پھیلانا اور پاک چین اقتصادی راہداری منصوبے کو روکنا تھا۔ دہشتگرد محرم الحرام کے دوران بڑی دہشتگردی کی منصوبہ بندی کر رہے تھے۔

تاہم سی ٹی ڈی نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے ان کے مذموم مقاصد کو ناکام بنا دیا ہے۔ انسداد دہشتگردی فورس کے ایس ایس پی نوید خواجہ کا کہنا تھا کہ بھارت سے دہشت گردوں کو پیسے بھجوائے جاتے تھے۔ کراچی میں کچھ بینک اکاؤنٹس ایسے ہیں جن میں بھارتی خفیہ ایجنسی ’را‘ سے پیسا آتا ہے۔

جن اکاؤنٹ سے پیسہ آتا تھا اسے سیل کریں گے۔ دہشتگردوں کے معاونین میں چند بلڈرز بھی شامل ہیں۔ گرفتار دہشتگردوں کے خلاف پاکستان کے خلاف سازش کا مقدمہ درج کیا گیا ہے۔