کراچی میں مارا جانے والا القاعدہ کا دہشتگرد خالد شیخ محمد کا بھانجا نکلا

Khalid Sheikh Mohammed

Khalid Sheikh Mohammed

کراچی (جیوڈیسک) گلشن اقبال میں حساس ادارے کے ہاتھوں 18 اگست 2015 کو مقابلے میں ہلاک ہونے والا کالعدم القاعدہ کارکن صالح محمد کے بارے میں انکشاف ہوا ہے کہ وہ امریکا پر9/11 کے حملے کے مرکزی کردار خالد شیخ کا بھانجا تھا اور اس کا اصل نام ادریس بلوچ ہے۔

ملزم کا ایک بھائی عبداﷲ گوانتاناموبے جیل میں قید ہے جبکہ اس کے خاندان کے دیگر افراد ایران میں مقیم ہیں۔ ذرائع کے مطابق حاس ادارے نے القاعدہ کے متعدد ارکان کی کراچی میں موجودگی کی رپورٹ پر18 اگست کو گلشن اقبال کی گنجان آبادی میں کارروائی کے دوران مقابلے میں 2 ملزمان کو ہلاک کردیا تھا جب کہ اس کارروائی میں حساس ادارے کا ایک افسر شہید ہوگیا تھا ہلاک ملزمان کی شناخت فہد اور صالح کے نام سے کی گئی تھی بعدازاں تحقیقاتی ادارے کی تفتیش میں اس بات کا پتہ چلا کے ملزمان کے شناختی کارڈ جعلی ہیں۔

حساس ادارے صالح کی لاش قبرکشائی کے بعد نکال کر ڈی این اے ٹیسٹ کرایا تو اس کی شناخت ادریس بلوچ کے نام سے ہوئی جو القاعدہ رہنما خالد شیخ محمد کا بھانجا نکلا، یہ بھی معلوم ہوا ہے کہ ادریس کے دیگر رشتے دار کراچی میں مقیم ہیں جن کی تلاش کی جارہی ہے۔