کراچی : کورنگی سے سیاسی جماعت کا ٹارگٹ کلر گرفتار، سنگین جرائم کا اعتراف

Police

Police

کراچی (جیوڈیسک) کراچی کے علاقے کورنگی سے گرفتار سیاسی جماعت کے ٹارگٹ کلر نسیم کبڑا عرف بلا نے دوران تفتیش ٹارگٹ کلنگ سمیت بھتہ خوری، جلاؤ گھیراو، ہڑتالوں میں ہنگامہ آرائی اور دکانیں بند کرانے کا بھی اعتراف کیا ہے۔

کراچی کے علاقے کورنگی سے قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ہاتھوں گرفتار سیاسی جماعت کے ٹارگٹ کلر نسیم کبڑا عرف بلا کی تفتیشی رپورٹ دنیا نیوز نے حاصل کر لی۔

رپورٹ کے مطابق ملزم نے دوران تفتیش ٹارگٹ کلنگ سمیت دیگر سنگین جرائم میں ملوث ہونے کا اعتراف کیا ہے۔ ملزم نے تفتیش میں بتایا کہ سال 2012 میں اس نے اپنے ساتھیوں عمیر، نعیم باس اور شانی کے ساتھ مل کر لینڈ گریبر مولانا سیف اللہ کو قتل کیا ۔ ملزم نے پولیس مخبر اور لسانی جماعت کے عہدیدار کو بھی قتل کرنے کا اعتراف کیا۔

تفتیشی رپورٹ کے مطابق ملزم زکوۃ، فطرہ وصولی، بھتہ خوری، جلاؤ گھیراؤ اور ہڑتالوں میں دکانیں بند کرانے میں بھی ملوث رہا۔ ملزم کے گروہ میں شانی عرف گڈو، عامر موٹا، کاشف، اسراراعجاز، علی، عمیر اور نعیم باس شامل ہیں۔

تفتیشی رپورٹ کے مطابق ملزم کے گروہ کے دیگر ساتھی کورنگی ابراہیم حیدری میں ٹارگٹ کلنگ کی وارداتوں میں ملوث ہیں۔