کراچی: ملیر میں سکیورٹی آپریشن، خودکش حملہ آور نے خود کو اڑا لیا

Security Forces Opration

Security Forces Opration

کراچی (جیوڈیسک) کراچی میں گرفتاری سے بچنے کے لیے دہشت گرد نے خود کو دھماکے سے اڑالیا۔ پولیس اور خفیہ ادارو ں نے دہشت گرد کی موجودگی کی اطلاع پر رفاع عام کے علاقے میں کارروائی کی تھی ۔ آپریشن کے دوران دو پولیس اہل کار بھی زخمی ہوئے۔

کراچی ممکنہ تباہی سے بچ گیا۔ وہ خود کش بمبار جو کسی مقام کو نشانہ بناکر بڑا نقصان کرسکتا تھا۔ ایک کمرے کے اندر ہی اپنے انجام کو پہنچ گیا۔ دہشت گرد کی شناخت فرحان عرف پہلوان کے نام سے ہوگئی۔

ایرپورٹ کے نزدیک رفاع عام سوسائٹی میں خفیہ اداروں نے پولیس کے ہمراہ رات تین بجے کے قریب چھاپا مارا۔ پولیس کو دیکھ کر دہشت گرد نے فائرنگ کی اور گرینیڈ پھینکا ، جس سے دو اہل کار زخمی ہوگئے ۔ تاہم پولیس کے گھیرے کی وجہ سے دہشت گرد کو فرار کا موقع نہ مل سکا۔

دہشت گرد کے قبضے سے ملنے والی پستول فارنزک ٹیسٹ کےلیے بھجوادی گئی ہے تاکہ یہ معلوم کیا جاسکے یہ کن وارداتوں میں استعمال کی گئی ۔ دہشت گرد کی وابستگی واضح طور پر سامنے نہیں آسکی تاہم ایس ایس پی راؤ انورا کے مطابق دہشت گرد ہائی ویلیو ٹارگٹ اور فورسز پر حملوں میں ملوث تھا۔

دہشت گرد کی لاش قبضے میں لے کر تحقیقات شروع کردی گئی ہیں ۔ جبکہ واقعہ میں زخمی دو اہل کاروں میں سے ایک کی حالت نازک بتائی جاتی ہے۔