معجزہ معراج کو قصر ایمان کا پتھر بنائے بنا بندگی مکمل نہیں ہو سکتی۔ امیر سولنگی

Shab e Miraj

Shab e Miraj

کراچی (اسٹاف رپورٹر) معراج شریف نبی آخر الزماں ﷺ کا وہ معجزہ ہے جس پر عقل ناقص حیران وششدر ہے‘ معجزہ معراج ‘ تاریخ ارتقائے نسل انسانی کا وہ سنگ میل ہے جسے قصر ایمان کا بنیادی پتھر بنائے بغیر تاریخ بندگی کی تکمیل ممکن نہیں اور نہ ہی روح کی تشنگی کا مداوا ممکن ہے ۔ اللہ رب العزت کو معلوم تھا کہ امتِ محمدی چاند پر قدم رکھے گی اور ستاروں پر کمندیں ڈالے گی. اللہ تعالیٰ نے اپنے محبوب نبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو مکان و لامکاں کی وسعتوں میں سے نکال کر اپنے قرب کی حقیقت عطا فرمائی جس کا گمان بھی عقل انسانی میں نہیں آ سکتا۔ انبیاءو رسل کے تمام معجزات مل کر بھی معجزہ معراج کی ہمہ گیریت اور عالمگیریت کو نہیں پہنچ سکتے۔

یہ بات پاکستان سولنگی اتحاد کے سینئر و بزرگ رہنما امیر سولنگی نے شب معراج کے حوالے سے منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی ۔ اس تقریب میں پاکستان سولنگی اتحاد کے سینئر رہنما سردار اکرم سولنگی ‘ سردار شبیر سولنگی ‘ سردار راحیل سولنگی ‘ سردار خادم حسین سولنگی ‘ ایڈوکیٹ کرم اللہ سولنگی ‘ ایڈوکیٹ اقبال سولنگی اور دیگر عمائدین کے علاوہ عوام کی بڑی تعداد نے بھی شرکت کی اور شب معراج کے حوالے سے امیر سولنگی کا ایمان افروز بیان سنا۔