کراچی : موبائل فون چھیننے کی وارداتیں روکنے کیلئے خصوصی یونٹ بنے گا

IG sindh

IG sindh

کراچی (جیوڈیسک) آئی جی سندھ نے موبائل فون چھیننے کی وارداتوں پر قابو پانے کے لیے خصوصی یونٹ بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس سلسلے میں پولیس افسران سے سفارشات طلب کرلی گئی ہیں۔

بس بھئی بس،بہت ہوگیا،کراچی کی سڑکوں پر لوٹ مار کرنے والے اب اپنی خیر منائیں،کیونکہ اینٹی موبائل اسنیچ اینڈ تھیفٹ یونٹ بنانے کا فیصلہ کرلیا گیا ہے۔

آئی جی سندھ اے ڈی خواجہ نے یونٹ کے قیام کے لیے تمام ڈی آئی جیز اور ضلعی افسران سے سفارشات طلب کرلی ہیں۔سینٹرل پولیس آفس میں امن و امان سے متعلق اجلاس کے دوران آئی جی سندھ نے کراچی رینج میں ایس ایس پی،ڈی ایس پی اور ڈی ایس پی انویسٹی گیشن کے عہدوں پر جلد تعیناتیوں کی ہدایت کی۔

ان کا کہنا تھا کہ منظم جرائم کے خلاف سخت اقدامات کیے جائیں، ایرانی پیٹرول کی اسمگلنگ روکی جائے اور شہر میں جوئے اورمنشیات کے اڈوں کاخاتمہ یقینی بنایا جائے۔

آئی جی سندھ نے یہ ہدایت بھی کی کہ اسٹریٹ کرائم سے زیادہ متاثر علاقوں میں پولیس کو مؤثر بنایا جائے بصورت دیگر ایس ایچ اوز کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔