کراچی سے زیادہ امریکہ میں لوگ مارے جاتے ہیں،ایمل ولس کی کلف پاکستان کے وفد سے گفتگو

Karachi news

Karachi news

کراچی ( اسٹاف رپورٹر) سوئٹزر لینڈ کے قونصل جنرل ایمل ولس نے کہا ہے کہ ماضی کے مقابلے میں کراچی میں امن بحال ہوگیا ہے ۔گزشتہ دو سال قبل دنیا بھر میں پاکستا ن بالخصوص کراچی میں دہشت گردی اور دیگر حالات کی بناء پر تشویش پائی جاتی تھی ۔ثقافتی سرگرمیوں نے امن کی بحالی میں اہم کردار ادا کیا ہے ۔کراچی کا منفی امیج کو بہتر کرنے میں ثقافتی اداروں اور تنظیموں کے کردار کو بھی قطعی طور پر نظر انداز نہیں کیا جاسکتاجو لوگ یہ کہتے ہیں کہ کراچی میں قتل کی وارداتیں بہت ہورہی ہیں وہ غلطی پر ہیں کراچی سے زیادہ امریکہ میں قتل کی وارداتیں ہوتی ہیں ۔ان خیالات کا اظہار انہو ں نے گز شتہ روز سوئس قونصلیٹ میں مدعو کئے گئے کلچرل اینڈ لیٹریری انٹرنیشنل فرینڈز فورم پاکستان (کلف پاکستان)کے صدر مجیب الرحمان خان کی قیادت میں 5رکنی وفد سے ملاقات میں کیا۔

ان کا کہنا تھا پاکستان میں سوئس حکومت تعلیم اور ثقافتی سرگرمیوں کو فروغ دینے میں اپنا کردار اداکررہی ہے ۔پاکستان میں نوجوانوں کی بڑی تعداد کو بہتر انداز میں استعمال کرنے کیلئے بے روز گاری کا خاتمہ کرنا ہوگا تاکہ امن قائم ہوسکے اور یہی نوجوانوں کی قوت معاشی انقلاب برپا کرسکتی ہے ۔پاکستان اور سوئٹزر لینڈ کی قدرتی خوب صورتی یکساں ہے لیکن انفرا اسٹرکچر کی کمی کے باعث پاکستان اس کو فروغ دینے میں کامیاب نہ ہوسکا۔پاکستان میں ترقی کے بے انتہا مواقع ہیں ،ملک کا مستقبل خوشحال نظر آرہاہے ۔پاکستان میں خواتین کے حوالے سے بیرونی ممالک میں تاثر بہتر بنانے کیلئے مختلف شعبوں میں خواتین کو مواقع زیادہ سے زیادہ دینے کی ضرورت ہے بالخصوص میڈیا میں خواتین کی تعداد میں اضافہ ہونا چاہئے ۔پاکستان میں دہشت گردی میں کمی آنے کی بناء پر بیرونی ممالک کی ایئر لائنز دوبارہ اپنے آپریشن شروع کرنے میں دلچسپی لے رہی ہیں اور بہت جلد سوئس ایئر لائن بھی اپنی شیڈول پروازوں کا آغاز کردے گا۔پاکستانی نوجوانوں کو سوئس انسٹی ٹیوٹ سے فنی تربیت کئی عرصے سے فراہم کی جارہی ہے مستقبل میں ہوٹل مینجمنٹ میں پاکستانی طالب علموں کو تربیت فراہم کرسکتے ہیں ۔پاکستان میں سوئٹزر لینڈ کی 204 کمپنیاں کا م کررہی ہیںجس سے لاکھوں افراد مستفیض ہورہے ہیں ۔ملک میں ادیبوں ،شعراء ،فنکار،گلوکاروں کو پرموٹ کرنے کیلئے میوزک کنسرٹ اور ثقافتی پروگرا م کرینگے ۔