کراچی : سی ٹی ڈی کی کارروائیاں، پولیس اہلکاروں پر حملے کے الزام میں 10 افراد گرفتار

Karachi Police Arrest

Karachi Police Arrest

کراچی (جیوڈیسک) اورنگی ٹاؤن میں 7 پولیس اہلکاروں کے قتل کے بعد قانون نافذ کرنے والے ادارے حرکت میں آگئے ہیں۔ ڈیفنس، شیریں جناح کالونی اور اورنگی ٹاؤن میں کاونٹر ٹیررازم ڑیپارٹمنٹ نے چھاپوں کے دوران 10 مشبہ افراد کو حراست میں لے لیا۔

انچارج سی ٹی ڈی نوید خواجہ کے مطابق زیر حراست افراد کو تفتیش کیلئے نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا گیا ہے۔ جہاں مشتبہ افراد سے اورنگی ٹاؤن میں پولیس اہلکاروں کے قتل کے حوالے سے تحقیقات کی جارہی ہیں۔

دوسری جانب ذرائع کے مطابق رات گئے کراچی پولیس آفس میں آئی جی سندھ اے ڈی خواجہ کی صدارت میں اعلی سطح کا اجلاس ہوا۔ اجلاس اورنگی ٹاؤن میں 7 پولیس اہلکاروں کی شہادت کے پیش نظر بلایا گیا۔

اجلاس میں پولیس کے اعلی افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں پولیس افسران نے پولیو ٹیموں پر سیکیورٹی بڑھانے کی تجویز دی۔

جبکہ آئی جی سندھ نے اجلاس میں مختلف کالعدم تنطیموں کے دہشتگردوں سمیت دیگر جرائم پیشہ افراد کے خلاف کریک ڈائون تیز کرنے کا حکم دیا۔