کراچی کی ترقی کے بغیر پاکستان ترقی نہیں کر سکتا، محمد یوسف

 Mohammad Yousuf

Mohammad Yousuf

کراچی : جنرل سیکریٹری جماعت اسلامی ضلع وسطی محمد یوسف نے کہا ہے کہ کراچی کے عوام تبدیلی چاہتے ہیں، اور ایسی قیادت کے منتظر ہیں جو ان کے لئے نجات دہندہ ثابت ہو اور ان کو بھتہ خوری اور بدامنی سے نجات دلائے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے یونین کمیٹی 26، النور سوسائٹی، شفیق کالونی میں جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر امیر زون گلبرگ سعید عامر موسیٰ، امیدوار برائے چیئرمین یوسی 26 لقمان شاہ، وائس چیئرمین فیصل وکیل اور جنرل کونسلر وارڈ 1 قالود خان بھی موجود تھے۔ محمد یوسف نے مزید کہا کہ اہل کراچی اپنے ووٹ کی طاقت سے ان لوگوں کو مسترد کردیں جنہوں نے کراچی کو خوف و دہشت کی علامت بنا دیا، نوجوانوں کو بے روزگار رکھا گیا اور ان کے ہاتھوں میں اسلحہ تھما دیا گیا، 5 دسمبر کا دن اہل کراچی کے لئے امتحان کا دن ہے، کراچی کی ترقی کے بغیر پاکستان ترقی نہیں کرسکتا، ہم کراچی میں امن و محبت کی سیاست چاہتے ہیں۔

نفرتوں اور لاشوں کی سیاست ختم کرنا چاہتے ہیں، اس لئے جماعت اسلامی نے ایسی قیادت میدان میں اتاری ہے جو لوگوں کو آپس میں جوڑے اور سب ملک کر امن و ترقی کا سفر شروع کریں۔ 5 دسمبر کو عوام جماعت اسلامی کے امیدواروں کو ووٹ دے کر کامیاب کرائیں اور شہر میں ترقی کے سفر کی بنیاد رکھیں۔ علاوہ ازیں 11D، نئی کراچی میں کارنر میٹنگ اور گلشن معمار میں پولنگ ایجنٹس کے ورکشاپ سے خطاب کرتے ہوئے محمد یوسف نے کہا کہ کراچی میں امن و امان اور ترقی جماعت اسلامی ہی لاسکتی ہے، عوام 5 دسمبر کو کراچی کی تعمیر و ترقی کے لئے صالح کردار کے لوگوں کو منتخب کریں، جماعت اسلامی کے منتخب نمائندوں نے ماضی میں بھی شہر کو اس با اختیار شہر بنایا تھا، جماعت اسلامی شہر کراچی کی شناخت بحال کرائے گی اور اسے پھر سے روشنیوں کا شہر بنائے گی۔

گلشن معمار میں پولنگ ایجنٹس کے ورکشاپ سے خطاب کرتے ہوئے محمد یوسف نے کہا کہ پولنگ ایجنٹ پر بڑی بھاری ذمہ داری عائد ہوتی ہے، پولنگ ایجنٹ دھاندلی کو روکنے میں معاون ثابت ہوسکتے ہیں، دھاندلی اور قواعد و ضوابط کی خلاف ورزیوں پر نظر رکھنا اور اس کی روک تھام کے لئے پولنگ ایجنٹس اپنا کردار بھرپور طریقے سے ادا کرسکتے ہیں۔ محمد یوسف نے پولنگ ایجنٹس پر زور دیا کہ الیکشن والے اپنی ذمی داریوں کو احسن طریقے سے نبھائیں اور کسی بھی قسم کی دھاندلی پر متعلقہ ادارے کو فوراً اطلاع کریں۔